اسلام آباد ( محمد صالح ظافر) موجودہ وسیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ کو چین میں پاکستان کا سفیر مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ یواے ای میں تعینات پاکستانی سفیر معظم احمد خان کو بھارت میں ہائی کمشنر مقرر کیا جائے گا،اسی طرح بھارت میں تعینات سہیل محمود کو پاکستان میں نیا سیکریٹری خارجہ مقرر کیا جارہا ہے،ذرائع کے مطابق پاکستانی وزارت خارجہ نے سفارتی سطح پر بڑے پیمانے میں رد و بدل کا اصولی فیصلہ کیا ہے۔اس کے علاوہ حکومت نے روس، فرانس ، جرمنی ، یورپی یونین ، ہنگری،جنوبی افریکا، جاپان اور جینوا میں اقوام متحدہ کے لئے پاکستان کے مستقل نمائندے بھی تبدیلی کی جارہی ہے۔ جیسے ہی تہمینہ جنجوعہ کا چین سے منظوری کا خط موصول ہوجاتا ہے فوری طور پر مسعود خالد چین چھوڑ دیں گے ،تہمینہ جنجوعہ تین سال کے کنٹریکٹ پر اپنی ذمے داریاں سنبھالیں گی۔ فرانس میں پاکستانی سفیر معین الحق ابو ظہبی میں نئی ذمے داریاں سنبھالیں گےمس نغمانہ ہاشمی فرانس میں نئی سفیر ہونگی وہ اس وقت بیلجئم میں پاکستانی سفیر ہیں، ان کی جگہ جرمنی میں پاکستانی سفیر جوہر سلیم نغمانہ ہاشمی کی جگہ لیں گے۔ ایشیا ء پیسفک کے لئے پاکستان فارن ریجن کے سیکریٹری امتیازاحمد جاپان میں پاکستان کے نئے سفیر ہونگے، جاپان سے اسد مجید نے پہلے ہی چارج چھوڑ دیا ہے وہ امریکا میں پاکستانی سفیر ہونگے، ترکی میں ایڈیشنل فارن سیکریٹری ، ایران اور افغانستان محمد اعجاز ہنگری میں پاکستان کے نمائندے ہونگے۔ خلیل الرحمان ا قوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل نمائندے ہونگے۔ ڈاکٹر سہیل احمد خان ، روس میں پاکستانی سفیر ہونگے، وہاں سے قاضی محمد خلیل اللہ تھائی لینڈ کے سفیر ہونگے ،تھائی لینڈ میں افتخار احمد جنوبی افریکا میں پاکستانی سفیر ہوسکتے ہیں، پاکستان کے نئے سیکریٹری خارجہ دس اپریل کو اسلام آباد پہنچ رہے ہیں ، ذرائع کے مطابق تبادلوں اور تقرریوں کے احکامات ایک ہفتے میں بن جائیں گے۔مذکورہ تبدیلیوں کو وفاقی وزیر خارجہ نے منظوری دے دی ہےوزارت خارجہ سے ڈاکٹر محمد فیصل چوہدری بنگلادیش جاسکتے ہیں ،ڈھاکا میں پاکستانی سفیر مس ثقلین سیدہ کے لئے بنگلا دیش نے مدت میں توسیع سے انکار کردیا ہےڈاکٹر محمد فیصل چوہدری اس وقت وزارت خارجہ میں ترجمان کی ذمے داریاں سر انجام دے رہے ہیں۔