سکھر (بیورو رپورٹ) سکھر، روہڑی سمیت گرد و نواح کے علاقوں کو گرمی کی شدید لہر نے اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے، منچلے نوجوانوں نے گرمی سے بچنے کے لئے دریا اور نہروں کا رخ کرلیا۔ شدید گرمی کے باعث دوپہرکے وقت شاہراہوں پر ٹریفک اور تجارتی مراکز میں خریدار معمول سے انتہائی کم نظر آئے۔ گرمی کی شدت کو کم کرنے کے لئے منچلے نوجوانوں نے دریائے سندھ کے مختلف مقامات اور سکھر بیراج سے نکلنے والی نہروں سمیت واٹر پارکوں کارخ کرلیا اور دریا میں نہاکرگرمی کی شدت کم کرنے کی کوشش میں مصروف دکھائی دیئے۔ جبکہ دھوپ میں گھروں سے نکلنے والے شہریوں نے سر اور منہ کو کپڑے سے ڈھانپ کر دھوپ سے بچنے کی کوشش کی۔