• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جہانگیر ترین پر موقف دے چکا، مزید بات نہیں کرونگا،شاہ محمود

کراچی (ٹی وی رپورٹ) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت کی کارروائی کے حوالے سے معاملہ سنجیدہ ہے یہ پاکستان کا معاملہ ہے جو تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی سے بڑھ کر ہے، بھارت میں انتخا با ت کا ماحول تھا اس کے باوجود جو وزیراعظم مودی نے آل پارٹی کانفرنس بلائی اس میں اپوزیشن کی جماعتوں نے حصہ لیا تھا اور ایک متفقہ بیانیہ دیا تھااسے کہتے ہیں ذمہ دارانہ اپوزیشن کا کردار، آپ کو مہنگائی پر گورننس پر بات کرنی ہے آپ ضرور کریں ،جہانگیر ترین کے حوالے سے موقف دے چکا ہوں مزید بات نہیں کروں گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیو نیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان ‘ میں میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جبکہ میزبان نے اپنے تجزیئے میں کہا کہ تحریک انصاف کے کئی رہنماؤں کے خلاف نیب انکوائری ہے لیکن اُن کا نام ای سی ایل پر نہیں ہے اپوزیشن کا ای سی ایل پر نام ڈالا جارہا ہے مفتاح اسماعیل کے حوالے سے خبر تھی کہ اُن کا نام بھی ای سی ایل میں ڈال دیا جائے گا اور جب انہیں یہ پتہ چلا تو انہوں نے اپنا لندن جانے کا پروگرام ترک کر دیا۔ پلوامہ حملے کے بعد انڈیا پاکستان کے حالات کشیدہ ہوگئے اور پاکستان نے امن کی بات کی اس کے باوجود انڈیا اپنی ہٹ دھرمی پر اڑا رہااور انڈیا پر آج بھی جنگی جنون سوار ہے ۔ رہنما پی ٹی آئی فردوس عاشق اعوان نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم عدالت کے تمام فیصلوں کو قبول کرتے ہیں ، ریلیف سب کیلئے ہونا چاہیے ہم یکساں نظام کی بات کرتے ہیں۔ پروگرام میں مسلم لیگ نون کے طلال چوہدری بھی شامل گفتگو رہے اور انہوں نے کہا کہ ہم نے ہر فیصلے کو ماننا اور عمل کیا اور تمام عدالتی قانونی تقاضے پورے کیے گئے اور یقینا اس سے توہین کا کوئی پہلو نہیں نکلتا۔ شاہ محمود قریشی نے مزیدکہا کہ پلوامہ کی شکل کا ایک اور واقعہ مقبوضہ کشمیر میں رونما ہوسکتا ہے جس کی آڑ میں بھارت پاکستان کے خلاف سفارتی اور عسکری کارروائی کا جواز پیدا کرسکتا ہے ہمیں اس قسم کی اطلاعات بھی ہیں اور خدشات بھی ہیں ۔ پلوامہ کے بعد چھبیس فروری کو جارحیت کے بعد جو بیانیہ بھارت نے اپنی قوم کے سامنے رکھا اس کی قلعی کھل گئی ہے نہ دہشت گردوں کی لاشیں دیکھا سکے اور ایف سولہ کی بھی بات سب کے سامنے آگئی۔سیکیورٹی کونسل کے مستقل ممبران کو پا کستا ن نے اپنے خدشات سے آگاہ کر دیا ہے اور درخواست کی ہے کہ اپنا کردار ادا کریں سفارتی سطح پر ہم نے یہ بات کی اور میں نے ضروری سمجھا کہ میڈیا کے ذریعے قوم کو بھی حالیہ صورتحال سے آگاہ کیا جائے اور انٹرنیشنل کمیونٹی کو بھی بتایا جائے کہ ایسی صورتحال ہے ۔نفیسہ شاہ کے اس بیان کہ بیڈ گورننس سے توجہ ہٹانے کے لئے شاہ محمود یہ بات کر رہے ہیں ، کے جواب میں وزیر خارجہ نے کہا کہ اگر انہوں نے یہ کہا ہے تو سن کر بہت افسوس ہوا اور یہی سیاست ہے وہ سیاست ضرور کریں اور میں اُن کی سیاسی مشکلات سے آگاہ ہوں۔

تازہ ترین