تحریر: عالیہ کاشف عظیمی
ماڈل: ثنا ہاشمی
ملبوسات، بیگز اینڈ کلچز : LAPIS LAZULI
آرایش: لَش بیوٹی سیلون بائے شہلا
عکّاسی: عرفان نجمی
لے آؤٹ: نوید رشید
کسی تقریب میں شرکت یا پھر سَکھی سہیلیوں سے میل ملاقات کی غرض سے جانے کے لیے عموماً لڑکیوں بالیوں کے لیے ایک مشکل مرحلہ اسٹائلش پیراہن کا انتخاب ہوتا ہے۔ اس کے بعد سولہ سنگھار، لیکن اتنی سج دھج کے بعد بھی ساری زیبایش و آرایش اُس وقت تک نامکمل ہے کہ جب تک لباس کی مناسبت سے پرس، کلچ، ہینڈ یا شولڈر بیگ کا انتخاب نہیں ہو جاتا۔ جب کہ ملازمت پیشہ خواتین کے لیے تو شولڈر بیگز گویا ان کی ’’آدھی دُنیا‘‘ ہیں۔ گزشتہ برس سافٹ میٹریل کے قدرے بڑے بیگ خاصے اِن رہے، تو پرس اور کلچ تو گویا کسی بھی تقریباتی لباس کے ساتھ جزوِ لازم ٹھہرے۔ رواں برس بڑے بیگز کی جگہ نسبتاً چھوٹے بیگز نے لے لی ہے، لیکن لباس سے ہم آہنگ پرس اور کلچ بدستور فیشن میں بے حد اِن ہیں۔
تو لیجیے، آج ہماری بزم بھی کچھ جدید انداز کے پرس، کلچ، ہینڈ اینڈ شولڈر بیگز ہی سے مرصّع ہے۔ذرا دیکھیے، بلیو جینز اور کاٹن فیبرک کی اسٹرائپڈ شرٹ کے ساتھ سلور اسٹین کلچ اور سلور رنگ نازک لانگ ہیلز کا انتخاب کیسا بھلا معلوم ہو رہا ہے۔ سیاہ رنگ جینز اور پستئی رنگ ڈبل لیئر فرنٹ اوپن شرٹ کے ساتھ گولڈن رنگ ناٹ کلچ اور فلیٹ پمپس کا انداز جداگانہ ہے، تو بلیک جینز اور سفید رنگ اسٹائلش شرٹ کے ساتھ گولڈن شائن باکس کلچ اور گولڈن ہائی ہیلز کی بھی کیا ہی بات ہے۔ سیاہ جینز، پلین سُرخ شرٹ اور لیدر جیکٹ کے ساتھ سیاہ رنگ شولڈر باکس بیگ کا جلوہ ہے، تو بلیو جینز اور ڈینم جیکٹ کے ساتھ اسٹائلش لیدر بیگ بھی خُوب غضب ڈھا رہا ہے۔
تو کہیے، اس بار آپ کسی تقریب یا سَکھی سہیلی سے ملاقات کے لیے ان میں سے کون سا انداز منتخب کر کے اپنی دُنیا مکمل کر رہی ہیں؟