پاکستان کے نامور اداکار عدنان صدیقی نے معروف ڈرامہ نگار و مزاح نگار انور مقصود کے لیے محبت بھرا پیغام جاری کیاہے۔
عدنان صدیقی نے اپنےانسٹاگرام اکائونٹ پر انور مقصود کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ اس میں کوئی شک نہیں ہےکہ انور مقصود پاکستان کے لیجنڈ ہیں۔ انہوں نے لکھا کہ ایسا وقت بھی آتا ہے جب آپ کے پاس شکریہ کے وہ چند الفاظ نہیں ہوتے جن کے سے آپ ایسے شخص کا شکریہ ادا کر پائیں جنہوںنے آپ کوزندگی میں سب کچھ سکھایا ہو۔
عدنان صدیقی نے اپنے پیغام میں لکھا ہے کہ انور مقصود جن کومیں محبت سے انور ماموں بھی کہتا ہوں، بہت سال قبل مجھے یہ اعزاز حاصل ہواتھا کہ میں نے اُن کے لکھے ڈرامے ’خوابوں کی زنجیر‘ میں اداکاری کی۔ اس کے بعد میرا ڈرامہ ’عروسہ‘ منظرعام پر آیا، جس کے بعد مجھے پہلی فلم کی پیشکش بھی انہی کی وجہ سے ہوئی تھی لیکن اُس فلم میں کسی وجہ سے کام نہیں کرسکا۔
انور مقصود اور عدنان صدیقی نے گزشتہ دنوں امریکا کا دورہ کیا جس کا مقصد انڈس اسپتال کے لیے فنڈز جمع کرنا تھا۔ جہاں عدنان صدیقی نے دورانِ سفر انور مقصود کے لیے لکھا ’اس سفر میں مجھے انور مقصود کی اعلیٰ ظرفی جانچنے کا موقع ملاہے، میں ہمیشہ سے ان کی شخصیت کا مداح ہوں، مگر اب اس کی شدت بڑھ گئی ہے۔
عدنان صدیقی نے لکھا کہ میں بس ان کو دیکھ کربہت کچھ سیکھ رہا ہوں، ان کی شخصیت جادوئی ہے۔ اس کے علاوہ انور مقصود کی نازک صورتحال میں مزاح تلاش کرنے کی صلاحیت ہمیشہ مجھے حیران کردیتی ہے۔
آخر میں انہوں نےلکھا ہے کہ انور ماموں آپ کا شکریہ، یہ دورہ میری زندگی کے چند یادگار لمحوں میں سے ایک ہے۔