کراچی(اسٹاف رپورٹر) عالمی شہرت یافتہ پاکستانی باکسر محمد وسیم نے کہا ہے کہ وہ 19 مارچ کو اپنے پروفیشنل کیرئیر کی تیسری فائٹ میں کامیابی حاصل کرکے فتوحات کی ہیٹ ٹرک مکمل کرنا چاہتے ہیں۔ ان خیالات کا انہوں نے کراچی پریس کلب میں صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ19 مارچ کو کوریا کے شہر سیول میں انڈونیشیا کے جون باجاوا سے مقابلہ طے ہے، 24 میں سے12 پروفیشنل مقابلے جیتنے والے حریف کے خلاف فائٹ کے لیے امریکہ میں خصوصی تربیت حاصل کی ہے۔ پروفیشنل باکسر بننے کے بعد اپنے ویٹ کی عالمی رینکنگ میں 12 ویں پوزیشن حاصل کرلینا نہ صرف میرے بلکہ پورے ملک کے لیے قابل فخر ہے۔ ایشین اور کامن ویلتھ گیمز سمیت دیگر عالمی مقابلوں میں فتوحات پر سرکاری اعزاز نہ ملنے پر افسردہ ہوں۔ محمد وسیم نے کہا کہ ملک خاص طور پر کوئٹہ اور لیاری میں باکسرز کو سہولتیں فراہم کی جائیں تو عالمی سطح کے کئی باکسر مل سکتے ہیں۔ ریو اولمپکس2016 کے لیے چین میں شیڈول کوالیفائنگ رائونڈ میں پاکستانی باکسرز کامیابی سے ہمکنار ہو سکتے ہیں۔