• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گھر کی تعمیریا تزئینِ نو کے لیے ماہرِ تعمیرات (آرکیٹیکٹ) کا انتخاب خاص اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔ ایک قابل آرکیٹیکٹ آپ کے خوابوں کو حقیقت کا روپ دےکر آپ کے سامنے پیش کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یہ پیشہ ورتعمیراتی ماہرین آرکیٹیکچرل انجینئرنگ کے تمام اصول و قوانین سے آگاہ ہونے کے ساتھ ساتھ تعمیراتی مواد کو آرٹسٹک وژن میں استعمال کرنے کے طریقہ کار سے بھی واقف ہوتے ہیں۔ گھر کی ڈیزائننگ کے دوران آرکیٹیکٹ کا انتخاب کرنے کا مرحلہ خاصا مشکل معلوم ہوتا ہےکیونکہ تعمیراتی مراحل خوش اسلوبی سے طے ہونے کا دارومدار ایک بہترین اور پیشہ ور آرکیٹیکٹ سے ہی منسوب ہے۔ اگر آپ اس مشکل مرحلہ کو طے کرنے جارہے ہیں توآئیے آج کچھ ایسی بنیادی معلومات پر بات کرتے ہیں، جس پر عمل کرکے یہ مرحلہ قدرے آسان ہوجائے گا۔

آرکیٹیکٹ کا انتخاب کیوں ضروری ہے؟

کسی بھی آرکیٹیکٹ کا انتخاب کرنے سے پہلے یہ جان لیں کہ آرکیٹیکٹ کون ہوتا ہے۔ یہ ایک ایسا تربیت یافتہ اور لائسنس یافتہ شخص ہوتا ہے جو آپ کی سوچ، خواہشات، تقاضوں اور اہداف کے مطابق گھر یا عمارتوں کی تعمیر کا عمل مکمل کرتا ہے۔ ایک پیشہ ور آرکیٹیکٹ تعمیراتی قواعد وضوابط پر عمل پیرا ہوکر مواد اور کم جگہ کا بہتر استعمال کرتے ہوئے تعمیراتی شعبے میںتحقیق وترقی کے ساتھ روایات، سماجی و ماحولیاتی انداز واطوار اور تہذیبی ورثے کو پیش نظر رکھتے ہوئے تعمیراتی مراحل طے کرتا ہے۔ آرکیٹیکٹ کے انتخاب کے دوران چند عوامل پر غور کیا جانا ضروری ہے۔

آن لائن ریسرچ

First thing first کےاصول کے تحت، جو کام ضروری ہے اسے فہرست میں سب سے اوپر لے آئیں۔ اگر آپ کو کسی چیز کے بارے میں معلومات درکار ہوں تو سب سے پہلےآپ کیا کرتے ہیں، آن لائن سرچنگ؟ جی ہاں! آرکیٹیکٹ کے انتخاب کا مرحلہ بھی کچھ ایسا ہی ہے۔ اپنے علاقے میں آرکیٹیکٹ اور ڈیزائنر تلاش کریں یا پھر مختلف ویب سائٹس وزٹ کیجیے اور تعمیراتی ماہرین کے جمالیاتی کاموں کا جائزہ لیجیے۔ اس کے بعد فیصلہ کیجیے کہ آپ کے گھر کی تعمیر یا تزئینِ نو کے لیے ایک روایتی ڈیزائنر مناسب رہے گا یا جدید اصولوں اور ٹیکنالوجی کا حامل آرکیٹیکٹ۔ اس سلسلے میںآن لائن ویب سائٹس پرموجود’Portfolios‘ بھی ڈیزائنر یا آرکیٹیکٹ کی تلاش اور انتخاب کے لیے ایک بہترین طریقہ ثابت ہوسکتے ہیں۔

لوگوں سے معلومات لیں

کسی بھی ماہر تعمیرات سے متعلق حتمی فیصلہ کرنے سے قبل کہ آیا یہ معمار گھر کی تعمیر کے لیے بہتر ہے یا نہیں، آپ کو ان لوگوں سے رابطہ کرنا ہوگا جو اس سے قبل ان تجربات سے گزر چکے ہیں۔ اپنے خاندان اور دوست احباب سے معلومات لیں، سوشل میڈیا پیجز یا کنسٹرکشن اور ڈیزائنر ویب سائٹس پر جاکر مختلف آرکیٹیکٹس کے بارے میں جانیں۔ براہ راست کسی بھی آرکیٹیکٹ سے رابطہ ہونے کی صورت میں اگر ممکن ہو تو اس کے پرانے کلائنٹس سے ملاقات کریں اور اس کا کام دیکھیں۔ یہ تمام معلومات آپ کو ایک بہترین اور پیشہ ورآرکیٹیکٹ کا انتخاب کرنے میں مددگار ثابت ہوں گی۔

سرٹیفائیڈ اور پیشہ ور آرکیٹیکٹ

کیا آپ ہیئر اسٹائلنگ کے لیے کسی سرجن کا انتخاب کرسکتے ہیں؟ نہیں نا ! اسی طرح کسی بھی ایسے آرکیٹیکٹ کا انتخاب مت کیجیے جو اس شعبہ کی تعلیم، تعمیرات کے اصولوں وقوانین، تعمیر پر لگنے والے سامان کی تعداد، مقدار اور معیاری مواد کی تمیز سے ناواقف ہو اور یہ تب ہی ممکن ہے جب آپ کا معمار یا آرکیٹیکٹ ڈیزائننگ کے اصول وقواعد سے واقفیت رکھتا ہو۔ تعمیرات کے شعبے میں سرٹیفائیڈ آرکیٹیکٹ کسی بھی فرد اورکمپنی کے لیے پہلی ترجیح ہوتا ہے، جس سے مل کر اس بات کا اندازہ لگالیا جاتا ہے کہ ماہر تعمیرات کا نقطہ نظر ذاتی اہداف، رہائشی تقاضوںاور مالکان کی خواہشوں سے کس حد تک مطابقت رکھتا ہے ۔

دستیابی کی جانچ پڑتال

تعمیراتی مراحل کے دوران مالکان کے لیے یہ بات بھی خاصی پریشان کن ثابت ہوتی ہے کہ تعمیراتی شیڈول خاصا ٹف جارہا ہواور منتخب کردہ آرکیٹیکٹ مناسب وقت نہ دے پارہا ہو۔ لہٰذا تعمیراتی عمل شروع ہونے سے قبل آپ کو منتخب کیے جانے والے ماہر تعمیرات کی دستیابی یا اس کے ورک لوڈسے متعلق جانچ پڑتال بھی کرنا ہوگی۔اگر آپ کے گھر کا تعمیراتی عمل چھ ہفتوں کا ہے تو ان چھ ہفتوں کے دوران آرکیٹیکٹ کاذاتی شیڈول بھی پیش نظر رکھنا ہوگا ۔

معاوضے کا تعین

ایک آرکیٹیکٹ کا انتخاب کرتے وقت اس کے معاوضے کا تعین بھی خاصا اہمیت رکھتا ہے۔ اکثر آرکیٹیکٹ تعمیراتی کام کا معاوضہ اسکوائر فٹ کی بنیاد پر طے کرتے ہیں جبکہ کچھ روزانہ عمارت کو دیے گئے گھنٹو ں کی بنیاد پر معاوضے کا تعین کرتے ہیں۔ دیگر امور کی طرح اس پر بھی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

تازہ ترین