• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بار بار بینک کارڈز یا پن ری سیٹنگ کی درخواست ڈیمینشیا کی ابتدائی علامات ہوتی ہیں، محققین

محققین کا کہنا ہے کہ پیسوں کے حوالے سے بعض اہم عادات کسی انسان میں ذہنی تنزلی کی بیماری کے لاحق ہونے کی ابتدائی علامات کا اشارہ دے رہی ہوتی ہیں، اسطرح ڈیمینشیا (ذہنی تنزلی اور دماغی کمزوری کی بیماری) کی تشخیص سے دس برس قبل تک ایسا اشارہ ملتا ہے۔ 

اس حوالے سے محققین نے کہا کہ بار بار بینک کارڈز یا پن کو ری سیٹ کرنے کی درخواست کرنا دراصل یاداشت میں مسلسل کمی یا دماغی تنزلی کی بیماری کی ابتدائی علامات ہوسکتی ہیں۔

یونیورسٹی آف ناٹنگھم کے اسکول آف اکنامکس کی ایک تحقیق سے پتہ چلتا ہے کہ معمول کا بینکاری ڈیٹا ڈیمینشیا کی تشخیص سے کئی سال پہلے اس کی نشاندہی کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

محققین کے مطابق مالی عادات یا رویوں کے ذریعے ڈیمنشیا کی ابتدائی تشخیص بیماری کے مستقبل میں شکار ہونے والے افراد کی مدد میں معاون ثابت ہو سکتی ہے۔ جب کسی شخص کو اپنی یادداشت اور سوچنے کی صلاحیت میں مسائل پیدا ہونا شروع ہوتے ہیں تو ایسی کیفیت کو ہلکی ذہنی کمزوری کہا جاتا ہے۔ 

کچھ لوگوں کے لیے یہ مسائل ایک ایسی بیماری کی ابتدائی علامات ہو سکتی ہیں جو بالآخر نسیان (بھولنے یا یاداشت میں بہت زیادہ کمی کی بیماری) کا سبب بنتی ہے۔

اس تحقیق کی سربراہی یونیورسٹی آف ناٹنگھم کے پروفیسر جان گیدرگڈ اور لائیڈز بینکنگ گروپ کے ڈیوڈ لیک نے کی اور ٹیم نے 66 ہزار سے زیادہ افراد کے گمنام بینکنگ ریکارڈز کا جائزہ لیا اور نتائج اخذ کیے۔


نوٹ: یہ مضمون قارئین کی معلومات کیلئے شائع کیا گیا ہے۔ صحت سے متعلق امور میں اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔

صحت سے مزید