• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زرداری کی ضمانت مسترد کرنیکی استدعا قبول ہوسکتی ہے،تجزیہ کار

کراچی(جنگ نیوز)سینئر تجزیہ کاروں نے کہا ہے کہ نیب کی آصف زرداری کی عبوری ضمانت مسترد کرنے کی استدعا قبول ہوسکتی ہے،پشاور بی آر ٹی منصوبہ میں ناقابل تصور پیمانے پر کرپشن اور بے قاعدگیاں ہوئی ہیں، نیب پرویز خٹک کو گرفتار نہیں کرے گا، عمران خان خود پرویز خٹک کو گرفتار کروانا چاہتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مظہر عباس، سلیم صافی، ارشاد بھٹی اور محمل سرفراز نے جیو نیوز کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں میزبان ابصاء کومل سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ پہلے سوال جعلی اکاؤنٹس کیس میں زرداری کی عبوری ضمانت مسترد کرنے کی استدعا عدالت میں قبول ہو سکتی ہے؟مظہر عباس نے کہا کہ نیب کی آصف زرداری کی عبوری ضمانت مسترد کرنے کی استدعا قبول ہوسکتی ہے،زرداری کسی سرکاری پوزیشن پر نہیں اگر وہ ابھی اثر و رسوخ استعمال کرسکتے ہیں تو جیل میں رہ کر بھی اثرانداز ہوسکتے ہیں۔ارشاد بھٹی کا کہنا تھا کہ طاقتور بااختیار لوگ ریکارڈ اٹھوالیں، ریکارڈ جلوادیں سب کچھ ممکن ہے، ایف آئی اے نے کہا کہ کراچی میں ہم غیرمحفوظ ہیں کیس منتقل کیے جائیں۔محمل سرفراز نے کہا کہ نیب کی آصف زرداری کی عبوری ضمانت مسترد کرنے استدعا غیرمنطقی ہے۔سلیم صافی نے کہا کہ نیب نے آصف زرداری کی طرف سے شواہد میں ٹیمپرنگ کا خدشہ ظاہر کر کے سندھ کی عدالتوں، ایف آئی اے اور پولیس پر عدم اعتماد کا اظہار کردیا ہے۔دوسرے سوال پیپلز پارٹی کا بی آر ٹی منصوبے میں پرویز خٹک کیخلاف نیب میں کرپشن مقدمہ کی درخواست، کیا احتسابی ادارہ وزیردفاع کیخلاف بھرپور کارروائی کرے گا؟ سلیم صافی نے کہا کہ پشاور بی آر ٹی منصوبہ میں ناقابل تصور پیمانے پر کرپشن اور بے قاعدگیاں ہوئی ہیں،نیب پرویز خٹک کو گرفتار کرلے گا کیونکہ عمران خان خود پرویز خٹک کو گرفتار کروانا چاہتے ہیں۔ محمل سرفراز کا کہنا تھا کہ نیب پرویز خٹک کیخلاف کارروائی نہیں کرے گا۔ارشاد بھٹی نے کہا کہ بی آر ٹی منصوبے میں ضرور کارروائی ہونی چاہئے لیکن نندی پاور پراجیکٹ، نیلم جہلم منصوبہ، رینٹل پاور پلانٹس، اسلام آباد ایئرپورٹ، کراچی کے دس ہزار رفاعی پلاٹس پر قبضے، سندھ کے ایک مالی سال میں 272ارب روپے کا گھپلا، بلوچستان کے حکمرانوں کا غریبوں کے پانی میں 365کروڑ روپے کے گھپلے کا بھی نتیجہ نکلنا چاہئے۔

تازہ ترین