• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیرس، 850؍سالہ قدیم چرچ ناٹرا ڈام میں آتشزدگی، مینار منہدم

کراچی (نیوز ڈیسک) فرانس کے دارالحکومت پیرس کا قدیم ترین اور یادگار سمجھے جانے والے چرچ نوٹرا ڈام (Notre Dam) میں گزشتہ روز اچانک آگ بھڑک اٹھی جس سے اس شاہکار عمارت کا دور دراز کے علاقوں سے نظر آنے والا مینار (Spire) اور چھت کا ایک حصہ لمحوں میں منہدم ہوگیا۔ فرانس کے صدر ایمانوئیل میغوں نے واقعے کو عظیم سانحہ قرار دیا اور اپنے ٹوئیٹ میں کہا کہ ہم سب کا ایک حصہ آج جل رہا ہے اور ہم اسے جلتا ہوا دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے قوم سے اپنا پہلے سے طے شدہ خطاب بھی ملتوی کر دیا۔ چرچ انتظامیہ کے ترجمان آندرے فینو کا کہنا تھا کہ غالب امکان ہے کہ 850؍ سال قبل لکڑی سے تعمیر کی جانے والی یہ عمارت آگ کی شدت کو برداشت نہیں کر پائے گی اور بالآخر منہدم ہو جائے گی، عمارت کی خوبصورتی سمجھا جانے والا گنبد اور محرابیں بھی منہدم ہو سکتی ہیں۔ یہ چرچ پیرس آنے والے سیاحوں کیلئے کشش کا باعث سمجھا جاتا تھا۔ 12ویں صدی میں تعمیر کیے جانے والے چرچ کو دیکھنے کیلئے ہر سال لاتعداد سیاح فرانس آتے ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، آگ چرچ کی بالائی منزل (بالا خانے) میں لگی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت کو لپیٹ میں لے لیا۔ پیرس میں حکام کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر آگ لگنے کی وجہ چرچ کی بحالی کا کام ہو سکتا ہے، حکومت اس چرچ کی تزئین و آرائش پر 60؍ لاکھ یورو خرچ کر رہی تھی۔ آگ برطانوی وقت کے مطابق شام ساڑھے پانچ بجے لگی جس کے فوراً بعد عمارت کو خالی کرا لیا گیا۔ حادثے کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
تازہ ترین