• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سینیٹ کمیٹی کی منظور پشتین کو تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی

سینیٹ کی خصوصی کمیٹی برائے قومی یکجہتی اور ہم آہنگی اور پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کے درمیان پہلا باضابطہ رابطہ ہوگیا۔

پی ٹی ایم کے سربراہ منظور پشتین کو اجلاس کے دوران کمیٹی کے کنوینر بیرسٹر سیف نے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

سینیٹ اعلامیے کے مطابق پی ٹی ایم سربراہ منظور پشتین اور رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ نے خصوصی کمیٹی کے 3 گھنٹے طویل اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی خصوصی طور پر شریک ہوئے،پی ٹی ایم سربراہ نے سینیٹ کمیٹی کو اپنے تمام تحفظات سے آگاہ کیا۔

منظور پشتین نے کہا کہ لاپتہ افراد کو بازیاب کرایا جائے، بارودی سرنگوں کو ہٹانے کےلئے اقدامات کئے جائیں، حقائق اور مصالحتی کمیشن تشکیل دیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے مطالبات واضح ہیں اور ان کا حل ضروری ہے تاکہ قبائلی علاقوں کے عوام کا اعتماد بحال ہو۔

سینیٹ کمیٹی نے تمام تحفظات سننے کے بعد کہا کہ پی ٹی ایم کے مسائل کا دیرپا حل نکالنا انتہائی لازمی ہے، ایوان بالا بھرپور آواز بلند کرے گا،اختلافات جمہوری عمل کی بنیاد ہیں۔

اعلامیے کے مطابق بیرسٹر سیف نے کہا کہ جرگہ کلچر ایسی روایت ہے جہاں گفت و شنید اور مذاکرات کے ذریعے مسائل کا حل نکالا جاتا ہے۔

انہوں نےیہ بھی کہا کہ پی ٹی ایم کے تحفظات کو دور کرنے کی کوشش کریں گے، شکایات کا ازالہ کرنے کے لیے قابل عمل سفارشات مرتب کی جائیں گی۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ ایک روڈ میپ بنانے کی ضرورت ہے تاکہ جائز مطالبات پر ٹھوس سفارشات مرتب کرکے ان پر عملدرآمد کو بھی یقینی بنایا جائے، مشاورت سے ہی آگے بڑھا جائے گا۔

اعلامیے کے مطابق کمیٹی ارکان نے پی ٹی ایم قیادت کے ساتھ نشست کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ گفت و شنید کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا، پی ٹی ایم کمیٹی کے ساتھ موثر رابطے کے لیے اپنا فوکل پرسن مقرر کرے اور مطالبات تحریری شکل میں پیش کریں۔

تازہ ترین