• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سلیمان شہباز کی باتیں سوال گندم جواب چنا کے مصداق تھیں،تجزیہ کار

کراچی (ٹی وی رپورٹ) سینئر تجزیہ کاروں نے کہا ہے کہ شریف خاندان الزامات پر جو ردعمل دے رہا ہے اس کیلئے انتہائی ڈھیٹ ہونا ضروری ہے، یہ رنگے ہاتھوں پکڑے گئے ہیں اب کوئی ایسی بات نہیں جسے ثابت کرنا باقی ہو، شہباز شریف خاندان کے منی لانڈرنگ کیس کی بینکنگ ٹرانزیکشنز موجود ہیں، سلیمان شہباز نے شاہزیب خانزادہ کو انٹرویو دیتے ہوئے جیسی باتیں کیں وہ سوال گندم جواب چنا کے مصداق تھیں، حسن اور حسین نواز کے انٹرویوز کی طرح سلیمان شہباز کا انٹرویو بھی شریف خاندان کو بہت مہنگا پڑے گا، ملک میں اوپر سے نیچے تک کرپشن ہے اس لئے ثابت کرنا بہت مشکل ہوتا ہے، پیپلز پارٹی، ن لیگ اور پی ٹی آئی ایک ہی سکے کے مختلف رخ ہیں،عمران خان ، نواز شریف اور آصف زرداری کے طریقہ واردات الگ الگ ہوسکتے ہیں لیکن یہ ایک ہی لوگ ہیں۔ان خیالات کا اظہار محمل سرفراز، حسن نثار، مظہر عباس، بابر ستار، سلیم صافی اور ارشاد بھٹی نے جیوکے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں میزبان ابصاء کومل سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔حسن نثار نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ جس طرح ردعمل دے رہی ہے اس کیلئے انتہائی حد تک ڈھٹائی درکار ہے ورنہ کچھ چھپا ہوا نہیں ہے، کوئی بات ایسی نہیں رہ گئی جسے ثابت کرنا ہو،یہ رنگے ہاتھوں پکڑے گئے ہیں، مفرور سلیمان شہباز کل جیو کے پروگرام میں اتنی ڈھٹائی سے جواب دے رہا تھا، شاہزیب خانزادہ کچھ سوال پوچھ رہا تھا وہ جواب کچھ دے رہا تھا کہ بنی گالہ کہاں سے آگیا، یہ پورا نظام پیداگیروں کی پیداوار ہے۔سلیم صافی کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی، ن لیگ اور پی ٹی آئی ایک ہی سکے کے مختلف رخ ہیں، عمران خان ، نواز شریف اور آصف زرداری کے طریقہ واردات الگ الگ ہوسکتے ہیں لیکن یہ ایک ہی لوگ ہیں، تینوں جماعتوں میں آف شور کمپنیوں والے اور نیب زدہ لوگ موجود ہیں۔

تازہ ترین