اسلام آباد (نمائندہ جنگ) ارسس ٹریکٹر اور پولو گراؤنڈ ریفرنسز میں سابق صدر آصف علی زرداری کی بریت کے خلاف نیب کی اپیلوں کی سماعت آج تین سال بعد اسلام آباد ہائی کورٹ میں ہو گی۔ اسلام آباد کے چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل ڈویژن بنچ نیب اپیلوں کی سماعت کرے گا۔ نیب نے سابق صدر آصف زرداری کے خلاف وزیر اعظم ہاؤس میں پولو گراؤنڈ کی تعمیر اور روسی ساختہ ارسس ٹریکٹرز کے حوالے سے ریفرنس دائر کئے تھے۔ احتساب عدالت نے 28 مئی 2014 کو سابق صدر کو پولو گراؤنڈ ریفرنس میں بری کرنے کا حکم دیا تھا جبکہ غیر ملکی کمپنی سے روسی ساختہ ارسس ٹریکٹرز کی خریداری میں قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کے الزام میں دائر ریفرنس میں بھی آصف زرداری کو بری کر دیا گیا تھا۔