• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’فضل الرحمٰن بچوں کی ٹیم میں روندو کھلاڑی کے جیسا ہے‘

وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ فضل الرحمٰن ایسا ہے جیسا بچوں کی ٹیم میں روندو کھلاڑی ہوتا ہے۔

کوئٹہ میں نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب میں فضل الرحمٰن پر تنقید کرتےہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ وہ ایسا ہے جیسا بچوں کی ٹیم میں روندو کھلاڑی ہوتا ہے، جب سے فضل الرحمٰن کی وکٹ گری ہے تب سے وہ انتظار کر رہے ہیں کہ وہ نہیں کھیل رہے تو دوسروں کو بھی نہ کھیلنے دیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ لوگ مجھے کہتےہیں کہ میں پرانی باتیں کرتا ہوں، یہ باتیں نہ کروں تو موازنہ کیسے ہوگا، دو جماعتوں نے ملک کے ساتھ جوکیا وہ دشمن بھی نہیں کرتا، کینسر نکالا جائے تو تکلیف تو ہوتی ہے لیکن پھرمریض ٹھیک ہوجاتا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ میں کینسراسپتال بنانے گیا تو لوگوں نے مذاق اڑایا، نمل یونیورسٹی بنانے گیا توتب بھی مذاق اڑایا گیا لیکن آج وہی کینسر اسپتال پاکستان کا واحد اسپتال ہے جہاں 75 فیصد مریضوں کا مفت علاج کیا جاتا ہے اور نمل یونیورسٹی کا تجربہ بھی کامیاب رہا ۔

عمران خان نے کہا کہ زرداری اورنواز کی حکومتوں نے ملک سے جو کیا ہے وہ تو کوئی دشمن بھی ملک سے نہ کرے، اگر ایک فیکٹری پر ڈاکو کو بٹھادیں فیکٹری بند ہوجائے گی۔

اُن کا کہنا تھا کہ ملک کیسے چل سکتا ہے جب بار بار ڈاکو آکر بیٹھ جائیں۔

انہوں نے کہا کہ چاہے جتنی بھی دیر لگ جائے ان لوگوں کو سزائیں ضرور دالوائیں گے تاکہ آئندہ کوئی الیکشن لڑکر ملک لوٹنے نہ آئے۔

عمران خان نے مزید کہاکہ پچھلے 10 سال میں اس ملک کو جس بے دردی سے لوٹا گیا وہ اپنی حکومت کے پورے پانچ سال لوگوں کو بتاتا رہوں گا، ہمیں ہر روز نئی چیزیں مل رہی ہیں، یہ اسی لیے گھبرائے ہوئے ہیں کہ جلدی سے عمران کی حکومت گراؤ ورنہ یہ جیل چلے جائیں گے۔

تازہ ترین