• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’اسد عمر پی ٹی آئی کا لازمی جزو, واپس آئیں گے‘

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ اسد عمر پی ٹی آئی لازمی جزو ہیں،مگر ہر کھلاڑی ہر گرائونڈ میں سنچری نہیں کرتا۔

پنجاب اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو میں اسد عمر کی ناکامی کے سوال پر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ اسد عمر کے لئے میدان ہموار نہ تھا،موسم ابرآلود اور چیلنجز بین الاقوامی تھے ۔

انہوں نے کہاکہ کبھی کبھی اچھا کھلاڑی بھی باؤنسی وکٹ پر صفر پر آؤٹ ہوجاتا ہے،جلد آوٹ ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ کھلاڑی میں صلاحیت ہی نہیں ہے۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی نے مزید کہاکہ اسد عمر کے جانے پر اپوزیشن خوشیاں منارہی ہے،پاناما فیصلے پر بھی پہلے انہوں نے ہی مٹھایاں بانٹی تھیں،انہیں سمجھ دیر سے آتی ہے۔

ان کا کہناتھاکہ ملک سیاسی کُشتی کا متحمل نہیں ہوسکتا ، ہمیں اس وقت معاشی میدان میں جیت پانی ہے ،اپوزیشن کو دعوت دیتی ہوں کہ وہ اس محاذ پر حکومت کا ساتھ دیں ،یہ ملک ان کا بھی ہے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے یہ بھی کہاکہ پنجاب میں صمصام بخاری اور شہباز گل مل کر کام کریں گے، یہ دونوں پنجاب حکومت کا چہرہ ہیں، اطلاعات کے محکمے میں سابقہ حکومت کی باقیات ہیں جنہیں ٹھیک کرنا ہے۔

انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نے نئی معاشی ٹیم کوعوام دوست بجٹ بنانےکی ہدایت کی ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی اور پی ٹی آئی کے رہنما علیم خان سے بھی ملاقات کی ۔

تازہ ترین