• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

موسم گرما کی تعطیلات یکم جون سے 14اگست تک ہونگی ،سیکرٹری سکولز پنجاب

راولپنڈی( خصوصی نمائندہ، اپنے رپورٹر سے) سیکرٹری سکولز پنجاب محمد محمود نے کہا ہے کہ موسم گرما کی چھٹیاں سرکا ری اعلان کے مطابق ہونگی،جبکہ سمر کیمپ کے حوالے سے ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے ، پنجاب پرائیویٹ ایجوکیشنل انسی ٹیوشن ترمیمی آرڈیننس 1984 میں ترامیم کرکے نجی تعلیمی ادارو ں کے مسائل کو حل کیا جاسکتا ہے۔صوبائی حکومت نجی تعلیمی اداروں کی رجسٹریشن کا عمل آن لائن متعارف کرارہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے گذشتہ روز صوبے بھر سے نجی تعلیمی اداروں کے حقوق کے لیئے کام کرنے والی تنظیموں کے نمائندوں سے ملاقات کے دوران کیا۔سیکرٹری سکولز نے کہا کہ گرمیوں کی چھٹیاں صوبائی حکومت کے جاری احکامات کے مطابق ہی کی جائیں گی،جو یکم جون سے چودہ اگست تک ہوں گی۔انھوں نے کہا ہے کہ نجی تعلیمی اداروں کے حوالے سے ریگو لیٹری اتھارٹی بل تیار ہوگیا ہے جس پر ابھی کام روک لیا گیا ہے ،ایسی فضا میں قائم کرنا چاہتے ہیں جس سے نجی تعلیمی اداروں کا اعتماد بحال ہو،ہمارا مقصد سکولوں کو کنٹرول کرنا نہیں بلکہ انکی مدد کرنا ہے ،اس موقع پر انھوں نے آئندہ نجی تعلیمی اداروں کی نمائندگی کے لئے سات رکنی کمیٹی تشکیل دینے کے احکامات جاری کیے جس میں آل پاکستان پرائیویٹ سکولز منیجمنٹ ایسو سی ایشن کے چیئرمین کاشف ادیب جاودانی ، فیصل آباد سے صداقت علی ،ندیم احمد سندھو،لاہور سے مرزا کاشف،قاضی نعیم انجم ، شاہد نور ،قصور سے شبیرہاشمی شامل ہونگے ۔ اس موقع پر آپسیما کے چیئرمین کاشف ادیب جاودانی اور ڈویڑنل صدر ابراراحمد خان نے بتایا کہ نجی تعلیمی اداروں کے بارے میں موجود ترمیمی ایکٹ کی غلط تشریح کرتے ہوئے پنجاب کا محکمہ تعلیم نجی تعلیمی اداروں کو ہراساں کررہاہے ۔
تازہ ترین