• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

50لاکھ گھروں کی تعمیرعوام کو بیوقوف بنانیکا تسلسل ہے‘صادق عمرانی

کوئٹہ(پ ر)پاکستان پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن صادق عمرانی نے کہا ہے کہ سرکاری کالونیوں کے مکینوں کو مالکانہ حقوق دینے سے نہ صرف صوبائی حکومت پر پڑنے والے سالانہ بوجھ سے چھٹکارا پایا جاسکتا ہے بلکہ اس مد میں ملنے والی رقم سے کوئٹہ شہر کے گردونواح میں نئی سرکاری کالونیوں کی تعمیر میں حائل رکاوٹوں کو بھی کسی حد تک دور کیا جاسکتا ہے۔ سرکاری کالونیوں کی مرمت کی مد میں سالانہ اربوں روپے خرچ کئے جانے کے باوجود ان کی حالت زار میں تاحال بہتری کے آثار نظر نہیں آرہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین کے معیار زندگی کو بلند کرنے کے تمام دعوے اب تک صرف لفاظی ثابت ہوئے عملی طور پر بہتر رہائشی سہولتیں فراہم کرنا حکومت وقت کا اولین فرض ہے مگر یہاں گنگا الٹی بہہ رہی ہے۔50 لاکھ گھروں کی تعمیر کا خواب دکھلا کر محض طفل تسلیوں سے عوام کو بے وقوف بنایا جارہا ہے اگر اس خواب کو حقیقت تسلیم کر بھی لیا جائے تو 50 لاکھ گھروں کی تعمیر بھی اپنوں کو نوازنے کے تسلسل ہی کی ایک کڑی ہوگی جس سے ایک عام سرکاری ملازم کو ہر گز ریلیف نہیں ملے گا۔ صادق عمرانی نے کہا کہ ریٹائرمنٹ کے بعد ملنے والے واجبات اور مہنگائی کے اس دور میں اب تک لاکھوں ملازمین اپنا گھر بنانے کا خواب آنکھوں میں سجائے منوں مٹی تلے جا سوئے ہیں۔ چند روزہ اقتدار میں اگر حکومت سرکاری کالونیوں میں رہائش پذیر ملازمین کو مالکانہ حقوق تفویض کرنے میں عملی اقدامات کرتی ہے تو یہ عمل اس کا شاندار اور عوام دوست کارنامہ قرار پائے گا۔
تازہ ترین