• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میڈیکل، ڈینٹل او پی ڈی سیل، دارالصحت اسپتال 2 روز بعد مکمل بند کردیا جائے گا

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سندھ ہیلتھ کئیر کمیشن نے دارالصحت اسپتال کی میڈیکل اور ڈینٹل او پی ڈی کو سیل کر دیا جبکہ داخل مریضوں کی محفوظ منتقلی کے لئے اسپتال کو 48 گھنٹوں کا وقت دیا گیا ہے جس کے بعد اسپتال کو مکمل سیل کر دیا جائے گا ۔ بدھ کو وزیر اعلیٰ سندھ نے اسپتال کو سیل کرنے کے احکامات دیئے جس پر اسپتال میںکھلبلی مچ گئی جس کے بعد اسپتال کی سکیورٹی سخت کر دی گئی اور اسپتال کے ملازمین نے احتجاج شروع کر دیا‘ ملازمین نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ملازمین کا معاشی قتل عام بند کرو سمیت دیگر نعرے درج تھے‘ملازمین نے شدید نعرے بازی بھی کی ۔ اس موقع پر خواتین سے بھرا ہو اایک ٹرک اسپتال کے قریب آیا جس سے بڑی تعداد میں خواتین اترنا شروع ہوئیں جنہوں نے احتجاج میں حصہ لینا تھا تاہم جب میڈیا کی جانب سے ان سے سوالا ت کیے گئے کہ وہ کہاں سے آئی ہیں تو ان سے کوئی جواب نہ بن سکا اور وہ واپس چلی گئیں ۔ اسپتال کے باہر شہریوں کی بڑی تعداد بھی جمع ہوگئی جنہوں نے اسپتال کے خلاف نعرے بازی کی ۔ اس موقع پر اسپتال ملازمین اور شہریوں میں تلخ کلامی ہوئی اور سخت جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔ شہریوں نے قاتل قاتل کےنعرے لگائے ۔ اسی اثنا ء میں سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کی ٹیم سی ای او کی سربراہی میں اسپتال سیل کرنے پہنچ گئی جس کے ساتھ پولیس کی بھاری نفری بھی تھی جبکہ ایس پی گلشن ، اے سی گلشن سمیت دیگر عہدیدار بھی تھے ۔ کمیشن نے اسپتال کی میڈیکل اور ڈینٹل او پی ڈی کو سیل کر دیا ۔کمیشن کے سی ای او ڈاکٹر منہاج قدوائی کے مطابق امن وامان کی صورتحال اور داخل مریضوں کی صحت کے پیش نظراسپتال کو 48گھنٹوں کا وقت دیاگیا تاکہ وہ اسپتال میں داخل مریضوں کومحفوظ طریقے سے منتقل کر سکیں ۔ کمیشن کے چیئرمین پروفیسر ٹیپو سلطان کا کہنا تھا کہ اسپتال کے مختلف واڈز میں چالیس پچاس سے زائد مریض موجود ہیں جن میں خواتین،مرد اور بچے بھی شامل ہیں جنہیں اسپتال سے نکال نہیں سکتے ۔ قوانین کے تحت اسپتال میں زیرعلاج مریض کو علاج کی سہولت دینا لازمی ہے ۔ اسپتال انتظامیہ مریضوں کی دیکھ بھال ہر صورت ممکن بنائے۔

تازہ ترین