• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ماہرین نے چار گنا تیزی سے زخم مندمل کرنے والی چوٹ پٹی ایجاد کر لی

کراچی (نیوز ڈیسک) ماہرین نے ایک ایسی بینڈینج (چوٹ پٹی) تیار کر لی ہے جو بجلی کے معمولی جھٹکوں کے ذریعے زخم کو چار گنا تیزی سے مندمل ہونے میں مدد دیتی ہے۔ غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، اِس الیکٹرانک چوٹ پٹی کو فی الحال کوئی نام نہیں دیا گیا تاہم چوہوں پر کیے جانے والے تجربات میں اس کے نتائج حوصلہ افزا اور شاندار نظر آئے۔ ماہرین نے ایسے چوہوں کو یہ الیکٹرانک چوٹ پٹی باندھی جن کی پیٹھ میں زخم تھا، ہر مرتبہ سانس لینے پر یہ پٹی بجلی کا معمولی جھٹکا (سوئی چبھنے کے مساوی) پیدا کرتی جس سے امیون سسٹم متحرک ہو کر زخم کو تیزی سے مندمل کرنے کا عمل شروع اور جاری رکھتا۔ بجلی کا جھٹکا پیدا ہونے سے جِلد کے وہ خلیے (فبرو بلاسٹ) جو زخم کو مندمل کرتے ہیں، متحرک ہو جاتے ہیں اور زخم کے حصے میں پہنچنا شروع ہوتے ہیں جس سے نئی جلد (کولاجن) اور خلیے پیدا ہوتے ہیں۔ اس بینڈیج کی تیاری میں امریکا کی یونیورسٹی آف وسکانسن میڈسن نے تحقیق کی ہے لیکن خاص بات یہ ہے کہ ماہرین پر مشتمل ٹیم کی قیادت یونیورسٹی سے ہی فارغ التحصیل چینی نژاد گریجویٹ یِن لونگ کر رہے تھے۔

تازہ ترین