کراچی(اسٹاف رپورٹر)جاویدمیانداد کے ساتھ ہاکی اور اسکواش کے لیجنڈ عمران خان کےسامنے آگئے، تینوں نے وزیر اعظم عمران خان کے ڈپارٹمنٹل کرکٹ ختم کرنے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہےکہ ادارے بند ہونے سے کھیلوں کو ناقابل تلافی نقصان ہوگا،عمران خان آپ کیا فیصلے کررہے ہیں ۔سابق کپتان اور عمران خان کے دیرینہ دوست جاوید میاں داد کا کہنا ہے کہ پاکستان میں نان پروفیشنل لوگ اسپورٹس کو چلا رہے ہیں،عمران خان نے جن لوگوں سے ووٹ لئے تھے وہ پوچھ رہے ہیں کہ آپ کیا فیصلے کررہے ہیں،آج ہمارے کھلاڑی نوکریاں ختم ہو نے سے بھوک سے مررہے ہیں،کیا کھلاڑی چوریاں کریں اور ڈاکے ماریں،ڈپارٹمنٹل کرکٹ کی وجہ سے ہم چیمپئن بنے،عمران خان خود پیسوں کے لئے کائونٹی کرکٹ کھیلتے تھےمیں بھی کائونٹی کرکٹ کھیل چکا ہوں اور نوجوانوں کو پریشان نہیں دیکھ سکتا۔اسکواش کے لیجنڈ اور دنیائے اسپورٹس کے چیمپئن جہانگیر خان کا کہنا ہے کہ کھیلوں کے ادارے بند ہونے سے کھیلوں کو ناقابل تلافی نقصان ہوگا اگر کھلاڑی مسائل میں پھنس گئے تو وہ اچھے نتائج کیسے دیں گے،کھیلوں کے ڈپارٹمنٹ بڑھانے کے بجائے انہیں ختم کیا جارہا ہے، کراچی پریس کلب میں صحافیوں سے بات چیت کے بعد جاوید میاں داد جب باہر نکلے تو کرکٹ کٹ میں ملبوس کھلاڑی عمران خان،احسان مانی اور ڈپارٹمنٹس کی بندش کے خلاف مظاہرہ کررہے تھے۔جاوید میاں داد کھلاڑیوں سے اظہار یکجہتی کے طور پر مظاہرے میں شریک ہوئے،پاکستان کے عظیم کھلاڑیوں جاوید میانداد، جہانگیر خان، اصلاح الدین اور سلیم جعفر نے وزیراعظم عمران خان سے محکمہ جاتی کھیلوں کی بحالی کا مطالبہ کردیا۔جاوید میانداد نے مشورہ دیا کہ کھیلوں کی علیحدہ وزارت ہونی چاہیے، جب وزارت ہی نہیں تو کھیل کیسے فروغ پائیں گے، پی سی بی میں چیئرمین اور ایم ڈی ٹیسٹ کرکٹرز کو ہونا چاہیے، سب پیسہ بنارہے ہیں اور کھارہے ہیں، کوئی پوچھنے والا نہیں ۔جاوید میاں داد نے پاکستان کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ گورا لیب ٹاپ تھام کر کوچنگ کر رہا ہے جبکہ ایک پوری ٹیم اس کی معاونت کر رہی ہے، میں تنہا اپنے تجربے کی بنیاد پر کھلاڑیوں کی تربیت اور اصلاح کرتا تھا۔