راولپنڈی (نمائندہ جنگ) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نمبر ایک راولپنڈی کے جج رائے محمد ایوب خان مارتھ نے سابق وزیراعظم محترمہ بینظیر بھٹو قتل کیس کی سماعت سابق صدر پرویز مشرف کے وکیل فروغ نسیم کے غیر حاظر ہونے کی وجہ سے بغیر کسی کارروائی کے سولہ مارچ تک ملتوی کردی البتہ ایف آئی اے کے سینئر پراسیکیوٹر چوہدری اظہر کو دو بار کے عدالتی حکم کے باوجود سکیورٹی نہ دینے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سیکرٹری داخلہ سے تحریری وضاحت طلب کرلی اور حکم دیا کہ وجہ بیان کریں عدالتی احکامات سنے ان سنے کرنے پر کیوں نہ ذمہ داران کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے، گزشتہ روز جب سماعت شروع ہوئی تو امریکی صحافی مارک سیگل کا نیویارک میں بیان قلمبند کرنے والے جے آئی ٹی کے رکن اور موجودہ ڈی آئی اے مالاکنڈ آزاد خان بطور گواہ کمرہ عدالت میں موجود تھے جن کے بیان پر صرف سابق صدر پرویز مشرف کے وکیل فروغ نسیم کی جرح باقی ہے جو گزشتہ روز بھی نہ ہوسکی ۔