ملتان (سٹاف رپورٹر) میونسپل کارپوریشن ملتان کے چیئرمینوں نے بلدیاتی نظام اور اداروں کو بچانے کی جدوجہد میں میئر ملتان کا بھرپور ساتھ دینے کا اعلان کر دیا۔ میونسپل کارپوریشن آفس میں اجلاس میں ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے چیئرمینوں اسلم ہمایوں، ملک عبدالرحیم، اعجاز فخر، رسالت شیروانی، چودھری اقبال، اکبر لال، چودھری حامد ارائیں، چودھری سرور انصاری، ملک اعجاز رجوانہ، قسور بھٹی، زاہد بشیر قریشی، چودھری مظفر یٰسین، رانا اشرف تاج، صدیق انصاری، رانا محمد نعیم، شہباز ناظم و دیگر سے باہمی مشاورت کے دوران کیا ۔ چیئرمینوں نے میئر ملتان کو یقین دہانی کروائی کہ وہ بلدیاتی اداروں کے معاملے پر قانونی و سیاسی جدوجہد میں میئر ملتان کے شانہ بشانہ ہوں گے۔چیئرمینوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی حکومت غیر قانونی طریقہ سے پنجاب میں بلدیاتی اداروں کو ختم کرنے کے درپے ہے حالانکہ تینوں صوبوں میں بلدیاتی ادارے اپنی مدت پوری کر رہے ہیں۔ پنجاب حکومت کی اصل نظر ساڑھے 6 ارب سے زائد بلدیاتی اداروں کے ترقیاتی فنڈز پر ہے۔ جنہیں وہ اپنی مرضی سے خرچ کر کے سیاسی فوائد حاصل کرنا چاہتی ہے جبکہ بلدیاتی الیکشن سپریم کورٹ کے حکم پر ہوئے اور ان کی آئینی مدت 5 سال ہے۔ چیئرمینوں نے متفقہ طور پر میئر ملتان چودھری نویدالحق ارائیں پر اعتماد کا بھی اظہار کیا اور مزید کہا کہ ہم ہر مشکل گھڑی میں میئر ملتان کے ساتھ ہمیشہ کھڑے رہیں گے۔