کراچی (اسٹاف ر پورٹر ) امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ مسجد مسلمانوں کی اجتماعی زندگی ، ریاست ،حکومت ، عدالت اور دیگر تمام معاملات کا مرکز و محور ہے ۔ نبی کریمﷺ نے ریاست مدینہ کے قیام کی ابتدامسجد کی تعمیر سے ہی کی تھی ۔ مسجد اللہ تعالی کا گھر ہے ، اسے آباد کر نے والے اور اس کی تعمیر میں حصہ لینے والے خوش نصیب ہیں جن کے لیے اللہ تعالی نے اجر عظیم کا وعدہ کیا ہے ۔ اسلامی معاشرے اور حکومت کی تشکیل اور ایک اسلامی اور خوشحال پاکستان کے لئے عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کورنگی 100کوارٹر میں ”جامعہ مسجد الفردوس“ کی تعمیر نو کے بعد افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ افتتاحی تقریب سے جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے بھی خطاب کیا ۔ تقریب میں ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی،عبد الوہاب،زاہد عسکری،عبد الجمیل خان،عاشق علی،قاسم جمال،لیاقت عبد اللہ، ذکر محنتی و دیگر نے شر کت کی۔ سراج الحق نے مزید کہا کہ معاشرے میں عدل و انصاف کے لئے یتیموں ، بیواؤں ، بے سہارا اور ضرورت مند لوگوں کی مدد اور کفالت کے لئے قرآن کو تھامنے اور اس کے نظام کو عملاً نافذ کر نے اور مسجد کی مرکزی حیثیت کو بحال کر نے کی ضرورت ہے ۔ مسجد میں صرف 5وقت کی نماز کا اہتمام ہی نہیں کیا جائے بلکہ اس کو وہ حیثیت اور مقام دیا جائے جو نبی کریم کے دور میں حاصل تھا ۔ جماعت اسلامی کو اختیار اور اقتدار ملا تو ہم مسجد کی مرکزی حیثیت کو یقینی بنائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی کو اللہ اور اس کے رسول کے احکامات اور تعلیمات کے مطابق بنانے کی ضرورت ہے اس کے لیے مسجد سے تعلق کو مضبوط اور مستحکم بنایا جائے ۔ اسی میں دنیا و آخرت کی فلاح اور کامرانی ہے ۔علاوہ ازیں سینیٹر سراج الحق نے جماعت اسلامی پاکستان کے سابق امیر سید منور حسن سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات اور عیادت کی۔