اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) سیشن جج اسلام آباد سہیل ناصر نے قیدی پر وحشیانہ تشدد کےمعاملے میں جیل سپرنٹنڈنٹ کے دروغ گوئی سے کام لینے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جس جیل کے سربراہ کو یہ بھی معلوم نہ ہو کہ اس کا ماتحت عملہ قیدیوں سے کیا سلوک کر رہا ہے اس افسر کو اس عہدے پر رہنے کا کوئی حق نہیں، کیوں نہ اس لاقانونیت اور بے حسی پر آپ کیخلاف مقدمہ درج کروا دیا جائے، بعدازاں ان کی معذرت اور پشیمانی پر عدالت نے کل تک تحریری جواب دینے کا حکم دیکر متاثرہ قیدی کو تھانہ مارگلہ کی حوالات میں بھجوا دیا۔ قتل کیس کے قیدی طاہر محمود نے سہیل ناصر کی عدالت میں تصاویر کے ہمراہ درخواست دی تھی کہ جیل عملہ نے اسے وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا ہے عدالت نے گزشتہ روز اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ کو طلب کیا تھا۔