لاڑکانہ میں ایچ آئی وی پازیٹو کے مریضوں کی تعداد چھیاسی تک پہنچ گئی، جن میں سڑسٹھ بچے بھی شامل ہیں۔
شکارپور میں بھی دو بچے اور خیرپور میں چار افراد ایچ آئی وی پازیٹو کے مریض نکلےجبکہ لاڑکانہ ضلع میں ایچ آئی وی پازیٹو کے مریضوں کی تعداد تشویشناک حد تک بڑھتی جارہی ہے۔
منیجر سندھ ایڈز کنٹرول پروگرام ڈاکٹر سکندر میمن کے مطابق ایچ آئی وی پازیٹو کے مریضوں میں زیادہ تعداد بچوں کی ہے، سندھ ایڈز کنٹرول پروگرام کے تحت کئی لوگوں کی لوگوں کی اسکریننگ کی جاچکی ہے۔
ڈاکٹر سکندر میمن کے مطابق ایچ آئی وی کے معاملے سے متعلق بنائی گئی جے آئی ٹی نے گرفتار ڈاکٹر مظفر اور بچوں کے والدین سے معلومات حاصل کی ہیں، جلد مزید حقائق سامنے آجائیں گے۔
شکارپور کے نواحی گاؤں سارنگ شر میں بھی ایک ہی خاندان کے دو بچوں میں ایچ آئی وی پازیٹو کی تصدیق کے بعد سندھ ایڈز کنٹرول پروگرام نے وہاں مزید اسکریننگ کے لئے کیمپ لگالیا۔
خیرپور کے گاؤں پیرجو گوٹھ میں بھی ایچ آئی وی پازیٹو کے چار مریض سامنے آگئے۔ جن میں ایک لیڈی ہیلتھ ورکراوراسکا بیٹا بھی شامل ہے۔