لاہور(نمائندہ جنگ)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ آئین میں اداروں کے فرائض کا تعین کیا گیا ہے۔ مقتدر اداروں کا تعلیم، خارجہ اور داخلہ امور پر بات کرنے کا مطلب یہ ہے کہ ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز موجود نہیں ہے۔ 18 سال سے کم عمر شادی پر پابندی کو مسترد کرتے ہیں۔ افغانستان سے پاک فوج کے جوانوں پر دہشت گردحملے کی مذمت کرتے ہیں اور افغان صدر اشرف غنی کو بتانا چاہتے ہیں کہ اس طرح کے بزدلانہ حملوں سے وہ اپنی کٹھ پتلی حکومت کو دوام نہیں بخش سکتے۔منگورہ سوات میں رابطہ عوام مہم کے سلسلے میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پاکستان میں بہت سارے تجربات کیے گئے۔ آمریت اور جمہوریت کو بار بار آزمایا گیااور اب صدارتی نظام کی باتیں ہورہی ہیں مگر جس نظام کے لیے پاکستان بنا اسے ایک دن کے لیے بھی نہیں آزمایا گیا۔