• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

IMF آفس پاکستان منتقل،معاشی خودمختاری پر سمجھوتہ کررہے ہیں، زرداری ،بلاول

اسلام آباد(آئی این پی)پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ لگتا ہے آئی ایم ایف کا آفس پاکستان شفٹ ہو رہا ہے، آئی ایم ایف کے لوگ اسٹیٹ بینک میں بیٹھیں ہوں گے تو ہم کیا ملک چلائیں گے؟۔پیر کوآصف زرداری نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کی اور اس دوران چیئرمین پی اے سی کی نامزدگی اور گورنر اسٹیٹ بینک کی تقرری پر رد عمل دیا ۔ صحافی کے سوال پر کہ کیا چیئرمین پی اے سی کی تبدیلی پر آپ سے مشاورت کی گئی ہے؟ آصف زرداری نے جواب دیا کہ خورشید شاہ سے ضرور کی ہوگی، مجھ سے کیوں کریں گے۔صحافی کے سوال پر کہ آئی ایم ایف کے گورنر کی تقرری کے معاملے پر کیا کہیں گے؟ سابق صدر نے کہا کہ اب تو لگتا ہے آئی ایم ایف کا آفس پاکستان شفٹ ہو رہا ہے‘رانا تنویر کی حمایت سے متعلق سوال پر آصف زرداری کا کہنا تھا کہ رانا تنویر بندہ تو اچھا ہے، دیکھتے ہیں، پی اے سی کی چیئرمین شپ پر مشاورت کریں گے۔دریں اثناءپیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے گورنرا سٹیٹ بینک کی تبدیلی کیخلاف بھرپور مہم چلانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسالگ رہاہے کہ ہم معاشی خودمختاری پر سمجھوتہ کر رہے ہیں‘وزیر خزانہ، چیئرمین ایف بی آر اور گورنر اسٹیٹ بینک کی اچانک تبدیلیاں سنگین مسئلہ ہے‘آئی ایم ایف اگر ملک چلائے گا تو وہ عوام نہیں بلکہ اپنے مفاد کے لئے چلائے گا، اس طرح کا نظام نہیں چلے گا۔پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نےکہا کہ حکومت میں قائدانہ صلاحیت نہیں ہے۔

تازہ ترین