معروف کلر کمپنی پینٹون کی جانب سے 2019ء کے لیے سب سے خاص رنگ '’لیونگ کورل‘ کا انتخاب کیا گیا تھا۔ گھر کی تزئین وآرائش میں اس رنگ کے استعمال سے متعلق ہم ایک مضمون بھی لکھ چکے ہیں۔ تاہم سوال یہ اٹھتاہے کہ کیا گھر کی تعمیراور آرائش و سجاوٹ میں ایک ہی رنگ کا استعمال بوریت کا احساس پیدا کرتاہے؟ اسی سوال کے جواب میں دنیا بھر کے معروف انٹیریئر ڈیزائنرز سال کے خاص رنگ کے علاوہ بھی کچھ ایسے رنگوں کا انتخاب کرتے ہیں، جنہیں استعمال کرتے ہوئے گھر کی قدروقیمت میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔لہٰذا آج ہم کچھ ایسے ہی خاص رنگوں کا ذکر کررہے ہیں، جن کا استعمال عید کیلئے آپ کے گھر کو ٹرینڈی لک دے سکتا ہے۔
پیسٹل کلرز
سب سے پہلے یہ جاننا ضروری ہے کہ پیسٹل کلرز کونسے ہوتے ہیں۔ یہ کلرز نرم، ہلکے اور دھیمے رنگوں پر مشتمل ہوتے ہیں۔ ماہر تعمیرات اور انٹیریئر ماہرین رواں سال پیسٹل کلرز کی مقبولیت پرخاصے پُرجوش ہیں۔ آپ بھی دوران تعمیر یا تزئینِ نو کے وقت گھر میں پیسٹل کلرز کا اضافہ کرکے جدید ٹرینڈکو بآسانی فالو کرسکتے ہیں۔ امریکا کی معروف کلرکمپنی کے مطابق پیسٹل کلرز کا تعلق روحانیت اور شفایابی سے ہے۔یہ رنگ انسان کی توانائیوں میں اضافے کا سبب بنتے ہیں۔ نئے برس ان رنگوں کو کچن کیبنٹ یا پھر لیونگ روم کی مرکزی دیوار کے لیے استعمال کرکے گھر بھر کا ماحول بہتر بنایا جاسکتا ہے۔
ہنٹر گرین
گہرے سبز رنگ کو بھی رواں برس کے خاص اور مقبول رنگوں میں سے ایک قرار دیا گیا ہے، بنیادی طور پر یہ رنگ گھر کی تعمیر و سجاوٹ کے لیے 90کی دہائی میں استعمال کیا جاتا تھا ۔ تاہم اب کئی برس بعد ایک بار پھر ماہرین اس رنگ کو گھر کے مختلف حصوں میں شامل کرنے کا مشورہ دے رہے ہیں۔ گہرا سبز رنگ قد رتی دلکشی عطا کرتے ہوئے گھر کے ماحول کو سکون اور اطمینان بخشا ہے۔ اگر آپ یہ سوچ رہیں کہ یہ رنگ گھر میں کہاں کیا جائے تو آپ ونڈو سیٹنگ ایریا ، شیلف کے عقبی حصے،کچن کیبنٹس، ایکسٹیریئر کی چھت پر یہ رنگ کروائیں جبکہ باتھ روم کی مرکزی دیوار کے لیے بھی ہنٹر گرین ٹائلز کا انتخاب کیا جاسکتا ہے۔
مسٹرڈ اور براؤن
مسٹرڈ رنگ کو بھی خاصی مقبولیت حاصل ہے۔ یہ زرد رنگ کی ایک قسم ہے جسے عام طور پر سنہری رنگ کے متبادل کے طور پر جانا جاتا ہے۔یہ رنگ گھر میں ایک خاص قسم کا فوکل پوائنٹ قائم کرنے کے لیے بھی استعمال کیا جاتا ہے ۔اس رنگ کی خاصیت ہے کہ یہ دیکھنے والے کے مزاج میں خوشگوار تبدیلی اور اعتماد میں اضافہ کرتا ہے۔ ماہرین گھر کے بیرونی حصے کو انفرادیت بخشنے کی غرض سے مسٹرڈ کلر منتخب کرنے کا مشورہ دیتے ہیں۔ آؤٹ ڈورلیونگ ایریا یا سن روم کی دیواریں مسٹرڈ رنگ سے سجائی جاسکتی ہیں، جوکہ ایک بہترین انتخاب ثابت ہوگا۔ دوسری جانب ماہرین بیرونی ڈیزائننگ میں بھورے رنگ (براؤن کلر) کے استعمال پر بھی خاص توجہ دے رہے ہیں۔ ان کے مطابق اس رنگ سے گھر کی بیرونی چھتیں، مرکزی دروازہ یا پھر بیرونی دیواریں مقبول ٹرینڈ ز میں سے ایک ثابت ہوں گی۔
مشروم کلر
ہم جانتے ہیں کہ مشروم کا ذکر آتے ہی آپ کے منہ میں پانی آگیا ہوگا لیکن ہم مشروم پینٹ کلرز سے متعلق گفتگو کررہے ہیں۔ ہلکے بھورےاور سرمئی رنگ کے امتزاج سے بنا یہ رنگ گھر کو دلکشی فراہم کرتا ہے۔ ماہر تعمیرات ٹالبرٹ کا کہنا ہے کہ گھر کی تعمیر یا تزئینِ نو کے دوران اس رنگ کو سنہرے اور سرمئی رنگ کے ساتھ ملا کر استعمال کیا جائے تو گرمی کاتاثر کم کیا جاسکتا ہے۔ اس رنگ کے استعمال کے لیے لیونگ روم کی مرکزی دیوار یا پھر داخلی حصے والی دیوار کا انتخاب کیا جاسکتا ہے، ان دیواروں پر ہلکے اور گہرے مشروم رنگ کا استعمال آپ کے گھر کے خاص حصوں کو نمایاں کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
نیلے رنگ کی خاص اقسام
نیلے رنگ کی کچھ خاص اقسام بھی رواں سال کے ٹرینڈز میں سے ہیں، ان میںآئس بلو، گرے بلو اور چارکول بلو جیسے خاص رنگ گھر کو خوبصورت دکھانے کے لیے استعمال کیے جاسکتے ہیں۔ چونکہ اسٹڈی روم پرسکون ماحول کا متقاضی ہوتا ہے، لہٰذا ان رنگوں کو اسٹڈی روم کی دلکشی بڑھانے کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ یہ ہلکے اور خوبصورت رنگ کسی بھی کمرے کو روشن اور کشادہ دکھانے میں بھی اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔
عید کی آمد سے قبل آپ گھر کی سجاوٹ میں ان رنگوں کا استعمال کرکے نیا لُک حاصل کرسکتے ہیں۔