مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف، امیر جماعت اسلامی سراج الحق، نائب امیر لیاقت بلوچ اور وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت نے لاہور میں داتا دربار کے باہر ہونے والے خود کش دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔
ایک بیان میں شہبازشریف کا کہنا ہے کہ گزشتہ 5سال میں نوازشریف کی قیادت میں دہشت گردی پر قابو پایا گیا تھا، حکومت کی جانب سے نیشنل ایکشن پلان پر بریفنگ کو فراموش کرنا غفلت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امن وامان کی بگڑتی ہوئی صورت حال تشویش ناک ہے، غورکرنا ہو گا کہ یہ واقعات دوبارہ کیوں ہو رہے ہیں؟
شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ خانقاہوں اور اولیاء کے مزارات پر دہشت گردی کرنے والے مسلمان نہیں ہو سکتے، اس نوعیت کی وارداتیں کرنے والے پاکستان اور اسلام دشمن ہیں، پوری قوم ان کے خلاف متحدہ ہے۔
امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق اور نائب امیر لیاقت بلوچ نے بھی داتا دربار دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے کے ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔
وزیر قانون پنجاب راجا بشارت نے بھی لاہور دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔