سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے ایک اور نیب انکوائری میں ضمانت کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا۔
آصف زرداری نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں جو درخواست دائر کی ہے اس میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ انہیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے درخواست میں عدالت سے استدعا کی ہے کہ نیب نے 9 مئی کو انہیں طلب کیا ہے، اس موقع پرگرفتاری کا خدشہ ہے، لہٰذا عدالت درخواست ضمانت قبل از گرفتاری منظور کرے۔
آصف علی زرداری نے عدالت سے کیسز کی تفصیلات بھی فراہم کرنے کی استدعا کی ہے۔
درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ایسا کوئی خدشہ نہیں کہ درخواست گزار ضمانت ملنے پر ریکارڈ میں کوئی ٹیمپرنگ کرسکتا ہے۔
آصف زرداری کی درخواست میں چیئرمین نیب اور ڈپٹی ڈائریکٹر محمد کامران کو فریق بنایا گیا ہے۔