• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی اجلاس کی اندرونی کہانی

تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔ پی ٹی آئی ارکان اسمبلی نے غیرمنتخب لوگوں کی کابینہ میں شمولیت پر شکایات کرتے ہوئے کہا کہ غیر منتخب لوگوں کو مسلط کرنا ناقابل قبول ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ جو لوگ 40 ہزار ووٹوں سے الیکشن ہارے وہ عہدوں پر بیٹھے ہیں ۔ پارلیمنٹ میں اہل لوگ موجود ہیں، غیر منتخب لوگوں کو مسلط کرنا ناقابل قبول ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ملکی معیشت کو ٹھیک کرنا ہے، کچھ سخت فیصلے کرنا پڑتے ہیں، اسد عمر کی تبدیلی بھی سخت فیصلہ تھا۔

رکن قومی اسمبلی راجا ریاض نے کہا حکومتی پالیسیوں میں عوامی نمائندوں کاکوئی کردار نہیں۔

رکن قومی اسمبلی خرم شہزاد کا کہنا تھاکہ40 ہزار ووٹوں سے الیکشن ہارنے والے عہدوں پربیٹھے ہیں، اپوزیشن کو تنقید کا موقع دیا جارہا ہے، غیر منتخب لوگوں پر اعتراض کیاگیاتودیگرارکان نے بھی ڈیسک بجائے۔

وزیراعظم عمران خان خان نے کہا کہ آپ کے تحفظات درست لیکن کچھ سخت فیصلے کرنے پڑتے ہیں، ملکی معیشت کو ٹھیک کرنا ہے، وہ اپنے فیصلوں کی ذمہ داری لیتے ہیں۔ اسد عمر کو تبدیل کرنا بھی سخت فیصلہ تھا، اسد عمر آج بھی ان کی ٹیم کے اہم کھلاڑی ہیں۔

وزیراعظم نے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں نئے بلدیاتی نظام پر ارکان کو اعتماد میں لیا اورکہاکہ نئے بلدیاتی نظام میں گاؤں کی سطح تک نمائندے بااختیار ہوں گے۔

وزیراعظم نے ارکان کو اجلاس ختم ہوتے ہی حلقوں میں جانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر رمضان پیکیج پر عمل درآمد کرائیں۔

ارکان قومی اسمبلی نے نیا بلدیاتی نظام لانے پر وزیراعظم کی تعریف کی۔

وزیر دفاع پرویز خٹک کاکہناتھا کہ پنجاب کا بلدیاتی نظام اچھا ہے، خیبرپختونخوا کے بلدیاتی نظام میں تبدیلی کی ضرورت ہے۔

تازہ ترین
تازہ ترین