• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت کرنا بہت آسان، معیشت ٹھیک کرنے کیلئے سخت فیصلے کرنے پڑتے ہیں، اپنے فیصلوں کی ذمہ داری لیتا ہوں، اسد عمر آج بھی میرے رائٹ ہینڈ ، عمران خان

اسلام آباد (ایجنسیاں)وزیر اعظم عمران خان نے اپوزیشن کر نا مشکل قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ حکومت کر نا بڑا آسان ہے ۔آئی این پی کے مطابق بدھ کو وزیر اعظم عمران خان قومی اسمبلی پہنچے تو صحافی نے کہاکہ آج اپوزیشن احتجاج کے موڈ میں ہے اس پر وزیراعظم عمران خان مسکرا دیئے اور کہا کہ جب نہیں ہو گی پھربتانا ۔صحافی نے سوال کیا کہ حکومت کرنا مشکل ہے یا اپوزیشن ؟جس کا وزیراعظم نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کرنا بہت آسان ہے ۔آن لائن کے مطابق ایک رپورٹرز نے وزیر اعظم سے ان کا حال احوال پوچھاجس پر عمران خان نے رپورٹرز کومسکراتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ ٹھیک ہیں‘ ایک اور سوال کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ میرے روزے اچھے گزر رہے ہیں۔دریں اثناءآئی این پی کے مطابق تحریک انصاف کے پارلیمانی پارٹی اجلاس میں ا رکان اسمبلی نے کابینہ میں غیرمنتخب لوگوں کی شمولیت پر وزیر اعظم سے گلے شکوے کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیراشوٹرزکی کابینہ میں شمولیت کا فیصلہ نامناسب ہے، حکومتی پالیسیوں میں عوام کے نمائندوں کا کوئی کردار نظر نہیں آرہا، پارلیمنٹ میں اہل لوگ موجود ہیں تاہم غیرمنتخب لوگوں کوشامل کرنا ناقابل قبول ہے جس پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ معیشت کو ٹھیک کرنا ہے ‘اپنے فیصلوں کی ذمہ داری لیتاہوں‘ آپ کے تحفظات اپنی جگہ ٹھیک ہیں لیکن کچھ سخت فیصلے کرنے پڑتے ہیں‘اسد عمر کو تبدیل کرنا سخت فیصلہ تھا، اسد عمر آج بھی میرا رائٹ ہینڈ ہے‘ عمران خان نے تمام ارکان پارلیمنٹ کو نئے بلدیاتی نظام کو بھرپور سپورٹ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیا بلدیاتی نظام انقلابی ہے ‘اس سے ملک کی تقدیر بدل جائے گی‘ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے ارکان کو اجلاس ختم ہوتے ہی حلقوں میں جانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اپنے حلقوں میں جائیں اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر رمضان پیکج پرعملد رآ مد کرائیں‘ذرائع کے مطابق ارکان قومی اسمبلی نے نیا بلدیاتی نظام لانے پر وزیراعظم کی تعریف کی، اس موقع پر وزیر دفاع پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ پنجاب کا بلدیاتی نظام اچھا ہے تاہم خیبرپختونخوا کے بلدیاتی نظام میں تبدیلی کی ضرورت ہے۔

تازہ ترین