• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

رمضان المبارک میں کھجور کا استعمال کتنا فائدہ مند؟

کھجور ایک قسم کا پھل ہے۔ کھجور زیادہ تر مصر اور خلیج فارس کے علاقے میں پائی جاتی ہے۔ دنیا کی سب سے اعلٰی کھجور ’عجوہ‘ ہے جو سعودی عرب کے مقدس شہر مدینہ منورہ اور مضافات میں پائی جاتی ہے۔

کھجور میں بے شمار اقسام کے وٹامنز اور معدنیات پائے جاتے ہیں جس کی وجہ سے کھجور کو توانائی فراہم کرنے کا ذریعہ بھی مانا جاتا ہے جبکہ اس میں بہت سی بیماریوں کے لیے شفا بھی موجود ہے، کھجور میں موجود بہت سے معدنیات انسانی جسم کے لیے انتہائی اہم ہیں۔

کھجور میں آئرن، کاربوہائیڈریٹس، فائبر، شوگر، میگنیز اور پوٹاشیم ہوتا ہے جو کہ جسم کی کھوئی ہوئی توانائی بحال کرتا ہے۔

ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ رمضان میں کھجور سے افطار کرنا انتہائی صحت افزاء ہے۔

ماہرین صحت کے مطابق افطار کے موقع پر کھجور استعمال کرنے کے بے شمار فوائد ہیں۔ رمضان میں روزہ دار کے معدے کو کھجور ہضم کرنے میں بہت زیادہ مشقت نہیں کرنا پڑتی ہےجو دن بھر کے روزے کی وجہ سے نڈھال ہوچکا ہوتا ہے۔

رمضان کریم میں کھجور کا استعمال بڑھ جاتا ہے جس سے توانائی کا عمل تیز تر ہوجاتا ہے۔ لہذا اس سے ناصرف مختلف ڈشز تیار کی جاتی ہیں بلکہ کھجور سے بننے والا ڈرنک (شیک) صحت دیتا ہے۔

کھجور کا قرآن میں ذکر:

کھجور کے بیش بہا فوائد اور بھی ہیں اور کیوں نہ ہوں کہ یہ وہ پھل ہے جس کا ذکر اللّہ تعالیٰ کے آخری الہامی کلام میں بیس سے زائد مقامات پر جبکہ احادیث مبارکہ میں بیشتر مقامات پر ہوا ہے جس نے کھجور کی اہمیت اور فضیلت پر مہرِ یقین لگا دی ہے۔

احادیث مبارکہ میں سحری اور افطار میں کھجورکے استعمال کی ترغیب موجود ہے، کھجور کھانا، اس کو بھگو کر اس کا پانی پینا،اس سے علاج تجویز کرنا سب سنتیں ہیں، الغرض اس میں لاتعداد برکتیں اور بے شمار بیماریوں کا علاج ہے۔

حضوراکرم رسول اللّہ صلی اللّہ علیہ والہ وسلم کا فرمان ہے کہ ’عجوہ کھجور جنت میں سے ہے اس میں زہرسےشفا ہے۔‘( ابن النجار)

حضرت عامر بن سعد بن ابی وقاص سے مروی ہے کہ:

رسول اللہ صلی اللّہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ جس نے نہار منہ مدینہ کی سات کھجوریں استعمال کرلیں اس دن نہ تو اسے زہر سے نقصان ہوگا اور نہ جادو کا اثر ہوگا۔

کھجور کے فوائد :

کھجور کا ا ستعمال سنت رسولﷺ ہےاوراس کے طبی فوائد بھی ہیں۔ طبی ماہرین بھی کھجور کے فوائد پر متفق ہیں، کھجور کو ہمیشہ سے ہی ایک طاقت ور پھل کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے کیونکہ اس میں موجود قدرتی اجزا ذہنی اور جسمانی کمزوریوں کو دور کرتے ہیں۔

قبض کے مرض کے لیے:

 آنتوں میں سوزش اور قبض کے مرض  وغیرہ جیسے امراض سے بچاؤ کے لئے کھجور کا استعمال فائدہ مند ہے۔ فائبر آنتوں کی صحت کے لیے انتہائی ضروری جز ہے اور قبض کی روک تھام کرتا ہے، کھجور میں جذب ہونے والا اور جذب نہ ہونے والا فائبر موجود ہوتا ہے جو کہ آنتوں کے نظام کی صفائی میں مدد دیتا ہے اور اسے اپنا کام موثر طریقے سے کرنے دیتا ہے۔

مضبوط ہڈیوں کے لیے:

کھجور میں شامل معدنیات کی وجہ سے اس کو ہڈیوں کی مضبوطی کے لیے انتہائی اہم غذا مانا جاتا ہے کیونکہ کھجور میں شامل معدنیات جس میں میگنیشم، کاپر اور میگنیس شامل ہوتے ہیں جو ہڈیوں کی مضبوطی اور نشونما کے لیے انتہائی اہم ہیں، بالخصوص بوڑھے افراد جن کی ہڈیاں عمر کے ساتھ ساتھ کمزور ہونا شروع ہوجاتی ہیں انہیں چاہیے کہ وہ کھجور کا استعمال کریں۔

الرجی سے بچاؤ کے لیے:

کھجوروں کا ایک اہم فائدہ اس میں موجود سلفر ہے جو کہ دوسری غذاؤں میں آسانی کے ساتھ نہیں پایا جاتا لہذا جو افراد موسمیاتی الرجی کا شکار ہوتے ہیں انہیں چاہیے کہ وہ کھجور کا استعمال کریں۔

2002 میں ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق آرگانک سلفر ایسے تمام لوگوں کے انتہائی مفید کے جنہیں موسمیاتی الرجیز کا سامنا رہتا ہے جب کہ امریکا میں تقریباً 23 ملین افراد اس مرض کا شکار ہیں۔

وزن میں اضافے کے لیے:

کھجور پروٹینز اور وٹامنز سے بھرپور غذا ہے، ایک کلو کھجور میں تقریباً 3 ہزار کیلوریز پائی جاتی ہیں لہذا ایسے افراد جو اپنا وزن بڑھانا چاہتے ہیں انہیں چاہیے کہ وہ کھجوروں کا استعمال کریں۔

صحت مند دل کےلئے:

اگر چاہتے ہیں کہ آپ کا دل ہمیشہ توانا اور صحت مند رہے تو آپ کو کھجور کا استعمال شروع کردینا چاہیے کیونکہ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ کھجور کا استعمال کمزور دل کے لیے انتہائی مفید ہے جب کہ تحقیق سے یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ کھجور سے دل کے دورے سمیت دیگر امراض پر قابو پانے میں مدد ملتی ہے۔

فالج سے بچانے میں مددگار:

امریکن جرنل آف کلینیکل نیوٹریشن کی ایک تحقیق میں بتایا گیا کہ روزانہ سو ملی گرام میگنیشم کا استعمال فالج کا خطرہ 9 فیصد تک کم کردیتا ہے اور جیسا بتایا جاچکا ہے کہ یہ جز کھجوروں میں کافی مقدار میں پایا جاتا ہے۔

خون کی کمی:

آئرن سے بھرپور کھجور جسم میں خون کی کمی کو پورا کرنے میں

کافی فائدہ مند ہے۔

تازہ ترین
تازہ ترین