ایک حالیہ تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ فرنچ فرائز کھانے سے ٹائپ ٹو ذیابیطس کے خطرات میں 20 فیصد تک اضافہ ہو سکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق اگر فرنچ فرائز کو صحت مند غذاؤں جیسے ہول گرین بریڈ اور براؤن رائس سے بدل دیا جائے تو نا صرف بلڈ شوگر لیول متوازن رہ سکتا ہے بلکہ بیماری کے خطرات میں بھی کمی لائی جا سکتی ہے۔
تحقیق کے مرکزی مصنف نے کہا کہ ہم بحث کو اس سوال سے آگے بڑھا رہے ہیں کہ آلو اچھے ہیں یا برے اور اب زیادہ اہم سوال یہ ہے کہ وہ کس طرح تیار کیے جاتے ہیں اور اس کی جگہ ہم کیا کھا سکتے ہیں۔
اس تحقیق میں 2 لاکھ سے زائد افراد کے 30 سالہ غذائی سروے کا تجزیہ کیا گیا۔
نتائج کے مطابق ہفتے میں صرف تین بار فرنچ فرائز کھانے سے ٹائپ ٹو ذیابیطس کا خطرہ کئی گنا بڑھ سکتا ہے، جبکہ انہیں ہول گرین غذاؤں سے بدلنے سے خطرہ 19 فیصد تک کم ہو جاتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اُبالے، میش کیے ہوئے یا بیک کیے ہوئے آلوؤں کا ذیابیطس پر کوئی خاص اثر نہیں دیکھا گیا، تاہم آلو کے استعمال میں کمی صحت کے لیے کئی فوائد فراہم کر سکتی ہے۔
تحقیق کے شریک مصنف کا کہنا ہے کہ آپ کی خوراک میں چھوٹی سی تبدیلی بھی آپ کی صحت میں بڑا فرق پیدا کر سکتی ہے۔