جیل میں قید گینگسٹر لارنس بشنوئی کے گروہ کے ایک رکن نے بالی ووڈ اداکار سلمان خان کے ساتھ کام کرنے والے اداکاروں، پروڈیوسرز اور ڈائریکٹرز کو جان سے مارنے کی دھمکی دے دی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق آن لائن گردش کرنے والی ایک آڈیو کلپ میں خود کو ہیری باکسر کہلانے والے شخص نے فائرنگ کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ جو بھی پروڈیوسر، ڈائریکٹر یا اداکار سلمان خان کے ساتھ کام کرے گا، اسے گولی مار دی جائے گی۔
اس نے مزید کہا کہ گینگ چھوٹے درجے کے پروڈیوسرز، ڈائریکٹرز اور اداکاروں کو بھی مارنے سے گریز نہیں کرے گا اور جو کوئی سلمان خان کے ساتھ کام کرے گا وہ اپنی جان کا خود ذمہ دار ہوگا۔
یہ دھمکی ایک ایسے وقت میں سامنے آئی جب کینیڈا میں کامیڈین کپل شرما کے کیفے کے باہر دوبارہ فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، سلمان خان 21 جون کو نیٹ فلکس پر کپل شرما کے شو کے تیسرے سیزن کی پہلی قسط میں نظر آئے تھے۔
بشنوئی گینگ 1998ء کے کالے ہرن کے شکار کے کیس کے بعد سے سلمان خان کو مسلسل نشانہ بناتا رہا ہے، بشنوئی برادری کالے ہرن کو مقدس جانور مانتی ہے۔
اپریل 2024ء میں سلمان خان کے ممبئی میں گھر کے باہر فائرنگ کے بعد سے ان کی سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی تھی اور اس واقعے میں ملوث دو افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔
رپورٹس کے مطابق ہیری باکسر راجستھان کا رہائشی ہے، جس پر ریاست میں دو مقدمات زیرِ سماعت ہیں، وہ 2014ء میں غیر قانونی طور پر امریکا چلا گیا اور وہاں بشنوئی گینگ کے ساتھ وابستہ ہوگیا۔
کہا جاتا ہے کہ وہ لارنس بشنوئی کے بھائی انمول بشنوئی سے رابطے میں رہتا ہے اور گینگ کے امریکا میں مبینہ بھتہ خوری کے معاملات دیکھتا ہے۔