• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت: مسافر نے دورانِ ٹیک آف طیارے کے ایمرجنسی ایگزٹ ہینڈل کا کور کھول دیا

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو

بھارت کے وارانسی ایئرپورٹ پر ایک غیر معمولی واقعہ پیش آیا، اکاسا ایئر لائنز کی پرواز میں ایک مسافر نے دوران ٹیک آف ایمرجنسی ایگزٹ ہینڈل کا کور کھول دیا۔

تفصیلات کے مطابق بنگلورو جانے والی پرواز نمبر QP-1491 شام 7 بج کر 55 منٹ پر روانہ ہونے ہی والی تھی کہ مسافر اجے تیواری جو اپنی زندگی میں پہلی مرتبہ ہوائی سفر کر رہے تھے، وہ ایمرجنسی ایگزٹ کے کور سے چھیڑ چھاڑ کرنے لگے اور اچانک اسے کھول دیا۔

 اس صورتحال پر عملے نے فوری طور پر پائلٹ کو اطلاع دی، جس نے ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ کر کے طیارے کو واپس بلا لیا، طیارہ رن وے سے واپس ایپرن پر لایا گیا اور تمام مسافروں کو حفاظتی اقدامات کے تحت جہاز سے اتار دیا گیا۔

ایئرپورٹ سیکیورٹی اور پولیس نے موقع پر پہنچ کر واقعے کی تحقیقات شروع کیں، اکاسا ایئرلائنز کے دہلی دفتر کی شکایت پر پولیس نے مسافر کو حراست میں لے لیا۔ 

تفتیش کے دوران اجے تیواری نے اعتراف کیا کہ یہ حرکت غلطی سے ہوئی کیونکہ وہ محض یہ دیکھنا چاہتے تھے کہ ایمرجنسی ایگزٹ کس طرح کام کرتا ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق مسافر کی پرواز کے آغاز سے ہی مشکوک حرکات تھیں، وہ بار بار ایمرجنسی گیٹ کو چھو رہے تھے جس سے دیگر مسافروں اور عملے میں تشویش پیدا ہوئی۔ 

سیکیورٹی ماہرین کے مطابق ایمرجنسی ایگزٹ ہینڈل پر حفاظتی کور اس لیے لگایا جاتا ہے تاکہ غلطی سے دروازہ نہ کھل جائے اور اسے ہٹانے کے لیے خاصی قوت لگانی پڑتی ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید