بلوچستان کےساحلی شہر گوادر میں دہشت گردوں نے فائیو اسٹار ہوٹل پر حملہ کردیا،سیکیورٹی فورسز نے بروقت جوابی کارروائی کی۔
سیکیورٹی فورسز نے ہوٹل میں پھنسے مسافروں اور عملے کو بحفاظت نکال لیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 3 دہشت گردوں نے پرل کانٹینینٹل (پی سی) ہوٹل گوادر میں زبردستی داخل ہونے کی کوشش کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق انٹری پر موجود گارڈ نے دہشت گردوں کو روکا، دہشت گردوں کی فائرنگ سے پی سی ہوٹل کا سیکیورٹی گارڑ شہید ہوا۔
بلوچستان کے وزیر اطلاعات ظہور بلیدی نے کہاکہ فائیو اسٹار ہوٹل میں ہفتے کی شام 5 بجے 3 مسلح افراد داخل ہوگئے اور ہوٹل کے ایک حصے پر قبضہ کرلیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پولیس ،ایف سی اور قانون فانڈ کرنے والے اداروں کی فورسز نے بروقت جوابی کارروائی کی اور حملہ آوروں کو ہوٹل کے پہلے فلور تک محدود کردیا۔
ظہور بلیدی کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے ہوٹل میں پھنسے تمام مسافروں کوبحفاظت نکال لیا ہے،حملے کے وقت ہوٹل میں کوئی غیر ملکی مہمان موجود نہیں تھا۔
پولیس کے مطابق ہوٹل میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن جاری ہے،پی سی ہوٹل اور گردونواح سے فائرنگ کی آوازیں آرہی ہیں۔