• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

احساس رمضان: بلڈ کینسر میں مبتلا بچی کی خواہشات پوری

کراچی (محمد ناصر) جیو ٹی وی کی براہ راست رمضان نشریات ”احساس رمضان“ میں 9 ویں روز بھی دُکھی انسانیت کی مدد کرنے کے ساتھ بچوں کی ننھی خواہشات کو پورا کیا گیا۔اداکارہ عائزہ خان نے بھی ٹرانسمیشن کی رونق بڑھائی۔ ”ماں باپ کے جھگڑوں کا والدین پر اثر“ اس موضوع پر معروف عالم دین علامہ کوکب نورانی اوکاڑوی اور ڈاکٹر مفتی عمران الحق کلیانوی نے قرآن و سنت کی روشنی میں اہم گفتگو کی۔ اس کے علاوہ بچوں پر والدین کے اور والدین کے بچوں پر حقوق کے حوالے سے بھی آگاہ کیا ۔ بلڈ کینسر میں مبتلا 7 سالہ بچی منتشیٰ احساس رمضان کے سیگمنٹ ”ننھی سی خواہش“ کی مہمان تھی۔ اس بچی نے ٹیبلٹ، عید کے کپڑے اور والد کیلئے رکشہ لینے کی خواہش کا اظہار کیا۔ بچی کی یہ تینوں خواہشیں پوری کی گئیں۔ اس موقع پر بچی کے والد نے احساس رمضان کی پوری ٹیم کا شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ رکشہ ملنے کے بعد میں اپنے گھر والوں کی روزی کا بندوبست کرسکوں گا اور اپنی بچی کا علاج اور صحیح پرورش کے قابل ہوجاؤں گا۔ علامہ کوکب نورانی اوکاڑوی نے اس بچی کیلئے دُعا کی اور پھر بچی سے کہا کہ آپ خود بھی اپنے لئے دُعا کرو۔ ایمان نامی بچی کی روزہ کشائی بھی ہوئی۔ اداکارہ عائزہ خان نے میزبان رابعہ انعم سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شادی کے بعد کام کرنا تھوڑا مشکل ہو جاتا ہے کیونکہ ذمہ داریاں بڑھ جاتی ہیں۔ احساس رمضان میں آنے سے پہلے بھی گھر کی ذمہ داریاں ادا کرکے آئی ہوں۔ شادی کے بعد سارا وقت بچوں کا ہوتا ہے، اس میں سے ہمیں اپنے لئے ٹائم نکالنا پڑتا ہے۔ بچوں کو وقت کا پابند بنا رکھا ہے۔ دو بچوں کی ماں ہوں، بیٹے کی نسبت بچی کا زیادہ خیال رکھتی ہوں۔ ”جذبہ خدمت“ میں راجہ نامی 8 سالہ بچہ آیا ۔ اس بچے کا کہنا تھا کہ میں بڑا ہو کر ڈاکٹر بنوں گا اور تمام بیماروں کا علاج کروں گا۔ اس کا والد شاہ محمد مزدوری کرتا ہے اس کی مزدوری بھی مستقل نہیں، کچا مکان کسی نے رہائش کیلئے دیا ہے یہی اس خاندان کا واحد ٹھکانہ ہے۔ دو ماہ قبل گھر کے باہر کھیلتے ہوئے راجہ کو ایک کار نے ٹکر مار دی جس سے راجہ کی دائیں ٹانگ ٹوٹ گئی۔ کٹی ٹانگ سے بہتے خون کو روکنے کیلئے فی الحال ٹانکے لگا دیئے گئے ہیں لیکن اسپتال والوں نے اس کے مکمل علاج کیلئے تقریباً 5 لاکھ کا خرچہ بتایا ہے۔ اس کے ٹانکوں سے اب پیپ اور خون رِسنا شروع ہوگیا ہے۔ گھر والوں کو ڈر ہے کہ اس کا زخم خراب نہ ہو جائے اور ٹانگ ضائع نہ ہو جائے۔رابعہ انعم نے مخیر حضرات سے تعاون کی اپیل کی اور شاہ محمد کو احساس رمضان کی جانب سے بائیک تحفے میں دی گئی تاکہ وہ اپنے بچے کو علاج معالجے کیلئے با آسانی اسپتال لے جاسکے۔ کچن سیگمنٹ میں شیف ناہید انصاری نے ڈھوکلے اور دودھ دُلاری بنائی۔
تازہ ترین