گردن کے نچلے حصے میں موجود بظاہرایک چھوٹا سا غدود (جوعام طور پر تھائیرائیڈ گلینڈزکے نام سے جانا جاتا ہے)جسم کے تمام افعال میں باقاعدگی کاذمہ دار ہوتا ہے لیکن یہ باقاعدگی تب ہی ممکن ہے جب یہ گلینڈ ایک خاص مقدار میںجسم کے تمام خلیوں کو توانائی دینے والے ہارمونز خارج کرتا رہے۔ ان ہارمونز کی کمی یا زیادتی تھائیرائیڈگلینڈ کی مختلف بیماریوں کا سبب بنتی ہے۔ دنیا بھر میں خواتین کی ایک بڑی تعداد تھائیرائیڈ گلینڈ سے متعلق مختلف بیماریوں کا شکا ر ہے۔ اس بیماری کی شرح مردوں میں4سے 5فیصد اور خواتین میں10سے12فیصد تک ہوتی ہے۔ قدرت نے ہر بیماری کا علاج رکھا ہے، کچھ ایسی مفید غذائیں موجود ہیں، جن کا استعمال دیگربیماریوں کی طرح تھائیرائیڈ گلینڈز کے لیے بھی مفید ثابت ہوتا ہے۔
نمک
تھائیرائیڈ گلینڈز کو اپنے افعال بہتر طور پر سر انجام دینے کے لیے آیوڈین کی ضرورت ہوتی ہے۔ آیوڈین ایک ایسا لازمی غذائی جزو ہے،جو تھائیرائیڈ گلینڈ کے افعال کو ریگولیٹ کرنے کے لئے صحت مند افراد میں 15سے 20 ملی گرام ہوتا ہے۔ تاہم یہ امر قابل غور ہے کہ آیوڈین کی کمی کا مسئلہ صرف پاکستانی باشندوں کو ہی نہیں بلکہ دنیا کے دوسرے ممالک میں رہنے والے افراد کو بھی درپیش ہے۔یہی وجہ ہے کہ طبی ماہرین تھائیرائیڈ کے مریضوں کو آیوڈین ملا نمک تجویز کرتے ہیں۔
ہری سبزیاں
تھائیرائیڈ کو متوازن اورمتحرک بنانے کے لیے جسم کو زیادہ مقدار میں خوراک کی ضرورت ہوتی ہے۔ اس لیےماہرین غذائی اجزا میں کیلوریز کے اضافہ کا مشورہ دیتے ہیں۔ دودھ اور گوشت کے علاوہ سبزیوں کا استعمال بھی زیادہ کر نا چاہیے، خاص طور پر ہری سبزیاں مثلاًپالک، سلاد، پتہ وغیرہ۔ ہری سبزیاں میگنیشیم کے حصول کا بہترین ذریعہ ثابت ہوتی ہیں۔ یہی نہیں ان میں موجود غذائی اجزاجسمانی افعال کی کارکردگی بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں ۔
تاہم پھلوں اور سبزیوں سے متعلق اہم بات یہ کہ تھائیرائیڈ کے مریضوں کو تمام سبزیوں اور پھلوں کا استعمال نہیں کرنا چاہیے مثلاً آڑو، ناشپاتی، شلجم، چقندر اور پھول گوبھی کیونکہ ان میں ایسے اجزا ہوتے ہیں، جو بیماری کو بڑھاتے ہیں۔
گری دار میوے
کاجو ،بادام اور کدو کے بیچ کو آئرن کے حصول کا بہترین ذریعہ تسلیم کیا جاتا ہے۔ طبی ماہرین کی رائے کے مطابق تھائیرائیڈ کے مریضوں کے لیے میوہ جات دو طرح سے مفید ہیں۔مثال کے طور یہ میوہ جات نہ صرف آئرن کے حصول کا بہترین ذریعہ ہیں بلکہ ان میوہ جات میں سیلینیم کی بھی کافی مقدار پائی جاتی ہے۔ یہ مقدار تھائیرائیڈ گلینڈ کے افعال کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔دن بھر میں مٹھی بھر میوہ جات سیلینیم کی مطلوبہ مقدار کو پورا کردیتے ہیں۔
سمندری غذائیں
سمندری غذاؤں(سی فوڈ) کو آیوڈین کے حصول کابہترین ذریعہ تسلیم کیا جاتا ہے اور صحت مند تھائیرائیڈ کے لیےآیوڈین کی مناسب مقدار بے حد ضروری ہے۔ امریکی باشندوں کی زیادہ تر تعداد اپنی خوراک میں آیوڈین کی مناسب مقدار لازمی شامل کرتی ہے۔ یہ مقدار انھیں سمندری غذاؤں اور ڈیری مصنوعات سے بآسانی حاصل ہوجاتی ہے۔ قدرتی طور پر آیوڈین کی ایک اچھی مقدار سمندری خوراک جیسے مچھلی، جھینگے وغیرہ میںکثرت سے پائی جاتی ہے لیکن ان غذاؤں کی زیادہ مقدار ایک ساتھ لینے سے گریز کیا جائے۔ جہاں آیوڈین کی مناسب مقدار تھائیرائیڈکے مریضوں کے لیے بے حد ضروری ہے، وہیں زیادہ مقدار نقصان دہ بھی ہے۔ اس کے علاوہ طبی ماہرین ان مریضوں کے لیے مرغن اورزیادہ مسالا دار غذائیں، جن سے قبض ہونے کا اندیشہ ہو، ان کے استعمال سے بھی گریز کا مشورہ دیتے ہیں۔
چاول
چاول اور گندم تو لوگوں کی بنیادی غذا ہے۔ چاول میں موجود سیلینیم جِلد، جھلیوں اور تھائیرائیڈ کو صحت مند رکھتا ہے۔
سویا بین
اکثر حالات میں سویا بین سے بنی مصنوعات (مثلاً سویا ملک) تھائیرائیڈ گلینڈکی ہارمونز خارج کرنے کی صلاحیت کو متاثرکرنے کا سبب بھی بن سکتی ہیں۔ اس لیے اگر تھائیرائیڈ کے مریضوں کی خوراک میںآیوڈین کی مناسب مقدار موجود ہے، تو سویا بین سے بنی مصنوعات کے استعمال کی فکر سے آزاد ہوجائیں۔