• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانوی لوگ سیاست میں آکرغریب ،پاکستانی امیر ترین ہوجاتے ہیں ،چوہدری سرور

لاہور(وردہ طارق) برطانوی لوگ سیاست میں آ کرغریب جبکہ پاکستانی امیر ترین ہوجاتے ہیں،بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اپنی اندورنی سیاست اور مسائل کی وجہ سے پاکستان میں ہمیشہ سے گڑبڑ کرتا آ رہا ہے اور وہ پاکستان کے خلاف بے جا پروپیگنڈہ کرتا رہتا ہے، پاکستان کے بارے میں عالمی سطح پر وہ جو باتیں پھیلاتا رہتا ہے اس میں کوئی حقیقت نہیں،کالجوں کو یونیورسٹیاں بنا کر ہم نے فیسوں میں اضافہ کر دیا اور یہ بوجھ بے چارے غریب سٹوڈنٹس پر ڈال دیا،سمگلنگ اتنی زیادہ ہے کہ اس کی وجہ سے انڈسٹری کی کمر ٹوٹ گئی ہے، ہمارے بہت سارے اداروں میں سیاست آچکی ہے جس کی وجہ سے اداروں میں کرپشن بڑھ گئی ،غربت کی ایک وجہ یہ ہے کہ ہم اپنی لوکل چیزوں کو پروموٹ نہیں کرتے۔ان مختلف خیالات کا اظہار گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے روزنامہ جنگ لاہور کے تعلیمی ایڈیشن کے پروگرام ’روبرو‘ میں کیا۔ اس پروگرام میں لاہور کے مختلف سرکاری تعلیمی اداروں کے طلبا و طالبات نے شرکت کی۔ میزبانی کے فرائض چیئرمین میر خلیل الرحمٰن میموریل سوسائٹی واصف ناگی نے سرانجام دیئے۔ ان کے ساتھ شریک پروگرام جیو لاہور کے بیورو چیف رئیس انصاری تھے۔ جن کالجوں اور یونیورسٹیوں کے طلبا و طالبات نے حصہ لیا ان میں کوئین میری کالج سے مائرہ یونس، افشاں، نرمین جمشید، کنیئرڈ کالج سے فاطمہ رزاق، یاشما، رشما رانا، فردوس احمد، کرن فاطمہ، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی سے عروج خان، کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی سے حمزہ اشرف ضیا، ایمن منصور جبکہ یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینمل سائنسز سے ڈاکٹر ضیا، فضا شفقت اور سیدہ فاخرہ وحید نے شرکت کی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان اپنے تمام ہمسایہ ممالک سے دوستانہ تعلقات رکھنا چاہتا ہے اور وہ ایک اچھے ہمسائے کی طرح رہنا چاہتا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں گورنر پنجاب نے کہا کہ اداروں کو سیاست سے علیحدہ کرنا ہے۔ سیاست سے پاک ادارے نہ صرف حقیقی معنوں میں مضبوط اور موثر ہوں گے بلکہ کرپشن کا خاتمہ بھی خود بخود ہونا شروع ہو جائے گا۔ ہمارے بہت سارے اداروں میں سیاست آچکی ہے جس کی وجہ سے اداروں میں کرپشن فروغ پا گئی ہے۔ اداروں کو سیاست سے پاک کرنا ہوگا۔نریندر مودی اپنی اندرونی سیاست کی وجہ سے پاکستان کے خلاف پروپیگنڈہ کر رہا ہے حالانکہ حقیقت میں ایسی کوئی بات نہیں ہے۔ امریکہ اور پاکستان کے تعلقات ہمیشہ اتار چڑھائو کا شکار رہے ہیں حالانکہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑتے ہوئے پچاس ہزار افراد کی قربانی دی ہے۔ گورنرپنجاب نے کہاکہ پاکستان اس وقت مختلف چیلنجز سے گزر رہا ہے۔ پاکستان کی 80فیصد عوام کو پینے کے لئے صاف پانی میسر نہیں ہے دو وقت کی روٹی نہ ہونے کی وجہ سے غریب موت کے منہ میں جا رہے ہیں۔ 50فیصد عوام پینے کا صاف پانی نہ ملنے کی وجہ سے مختلف بیماریوں میں مبتلا ہورہے ہیں۔ اس وقت پینے کے گندے پانی کی وجہ سے ایک لاکھ بچے چلڈرن ہسپتال میں زیر علاج ہیں ادویات کی قیمتیں ہر شخص کی پہنچ سے باہر ہوچکی ہیں۔ ان چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ہمیں کچھ وقت درکار ہے۔ وزیراعظم عمران خان پاکستان کو ریاست مدینہ بنانا چاہتے ہیں اور یہ ان کا جذبہ ہے اس جذبے کی قدر کرتے ہوئے ہم سب ان کے ساتھ ہیں۔

تازہ ترین