سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے درمیان ملاقات ہوئی ہے جس میں حکومت مخالف تحریک پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آصف علی زرداری نے مولانا فضل الرحمان سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں نے تمام سیاسی قوتوں کو یکجا کرنے اور عید کے بعد اسلام آباد کی طرف مارچ کی حکمت عملی پر غور کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں حکومت مخالف تحریک پر تبادلہ خیال اور د یگر سیاسی جماعتوں سے رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ عوام مہنگائی کے ہاتھوں تنگ آگئے ہیں، حکومت کے خلاف میدان میں آنے کی تیاریاں تیز کرنا ہوں گی۔
ملاقات میں آئی ایم ایف اور دیگر قومی امور پر بھی بات چیت کی گئی، دونوں رہنماؤں نے مؤثر ایجنڈا لے کر عوام کے پاس جانے کا فیصلہ کیا۔