• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اپوزیشن جماعت مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ ببانگ دہل کہتی ہوں کہ بیانیہ ایک ہی ہے’ ووٹ کو عزت دو‘۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں مریم نواز نے کہا کہ ووٹ کو عزت نہیں دی جائے گی تو یہی حال ہوگا جو اس وقت ملک کا ہو رہا ہے۔


ن لیگی رہنما نے کہا کہ بیانیہ صرف نواز شریف کا ہی ہے،شہباز شریف بھی ان ہی کو لیڈرمانتے ہیں،اگر کسی کا خیال تھا بیانیہ ٹھیک نہیں تو وہ بھی اب نواز شریف کے بیانیے پر آ گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر ایک شخص کہتا ہے آئین پر عمل کرو تو کسی کو اعتراض نہیں ہونا چاہیے،عوام کے ووٹ والی حکومت آئے گی تو سارے مسائل حل ہوں گے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ ہم آگ کے دریا سے گزر کر یہاں پہنچتے ہیں، ہم نے جعلی احتساب اور جعلی انتقام کا سامنا ہے، ہم اس طرح کے اشتہاری نہیں ہوئے کہ مقدمے کے بعد باہر بھاگ جائیں۔

ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ میں جعلی اور کٹھ پتلی وزیراعظم کو نہیں مانتی ،یہ اس کرسی کی بھی توہین ہے،ہم تو وہ لوگ ہیں جو جعلی سزائیں اور جعلی مقدمے بھگت رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکمران جعلی طریقے سے آئے ہیں یہ چور طریقے سے آئے ہیں،یہ لوگ ووٹ کی عزت کو پاؤں کے نیچے روند کر آئے ہیں۔

مریم نواز نے یہ بھی کہا کہ علیمہ خان اور دوسروں کی پراپرٹی نکل آتی ہے،ان کا نام بھی لیا جاتا،سلیکٹیڈ احتساب کرنے والے کی کوئی ساکھ ہے نہ ہی اس ادارے کی کوئی ساکھ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نیب نے کیسز بنانے ہوں یا کسی کو گرفتار کرنا ہوں، وزراء اور جعلی وزیراعظم 5 دن پہلے بتا دیتے ہیں۔

مریم نواز نے استفسار کیا کہ علیمہ خان نے جو الماریاں بھری ہیں وہ انہیں دکھائی نہیں دیتیں،ان سب کی پراپرٹیزجب سامنے آتی ہیں تو ان کے خلاف کارروائی نہیں ہوتی۔

تازہ ترین