• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سٹاف کی قلت، سیاستدانوں نے نرسز کی ساکھ خراب کردی، ڈیم ڈونا

لندن ( نیوز ڈیسک ) نرس لیڈروں نے کہا ہے کہ انگلینڈ میں نرسوں کی ساکھ سیاست دانوں نے خراب کر دی ہے جو سٹاف کی بد ترین قلت پر قابو پانے میں ناکام رہے ہیں۔ رائل کالج آف نرسنگ کی جنرل سیکریٹری ڈیم ڈونا کنیئر نے پیر کے روز ایک تقریر میں قانون کے مطابق سٹاف کی سطح محفوظ بنانے پر زور دیا۔ فی الوقت نرسوں کی تقریباً 40000اسامیاں خالی ہیں جن کی شرح نو میں سے ایک کے مساوی ہے۔ تاہم حکومت کا کہنا ہے کہ وہ ٹریننگ کرنے والی نرسوں کی تعداد بڑھانے کے لئے پر عزم ہے۔ مگر ڈیم ڈونا نے لیورپول میں آر سی این کی سالانہ کانفرنس سے خطاب کے دوران کہا کہ یہ اقدام ناکافی ہے۔ قبل ازیں اس سال کے آغاز میں تین بڑے تھنک ٹینکس کی ایک رپورٹ میں متنبہ کیا تھا کہ اگر کوئی کارروائی نہ کی گئی تو اگلے پانچ سال میں خالی اسامیاں 70000اور دس سال میں بڑھ کر 100000 ہو جائیں گی۔ ڈیم ڈونا نے کہا کہ تربیت حاصل کرنے والوں کیلئے سٹوڈینٹ برسری کے خاتمے اور 2016میں ٹیوشن فیس متعارف کرائے جانے کے باعث صورت حال بدتر ہوگئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نرسوں کی ساکھ خراب کر دی گئی ہے اور وزرا کو خالی ہونے والی اسامیوں پر تقرری کے بارے میں سوچنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے سٹاف کیلئے سخت قوانین متعارف کرانے کا مطالبہ بھی کیا۔
تازہ ترین