• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اپوزیشن کی پہلی بیٹھک سےہی حکمرانوں کی ٹانگیں کانپنے لگیں‘عمرانی

کوئٹہ(پ ر)پاکستان پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن صادق عمرانی نے کہا ہے کہ دمادم مست قلندر پر ابھی پہلی تاپ ہی پڑی ہے اور حکمرانوں کی ٹانگیں کانپنا شروع ہوگئیں۔ غیر سیاسی طرزحکمرانی اپنانے والے اپوزیشن رہنمائوں کی پہلی ہی ملاقات سے اس قدر بدحواسی میں مبتلا ہوچکے کہ ان کی جانب سے اٹھایا جانے والا ہر ممکنہ اقدام خود انہی کے ہاتھوں ان کے سیاسی تابوت میں آخری کیل ثابت ہونے جارہا ہے۔ آستینوں میں پالے گئے سانپوں نے ڈسنے کا سلسلہ شروع کردیا۔ خلافت نیازی شاید ابھی سیاست کو بازیچہ اطفال ہی سمجھتی ہے اس لئے اسے اس حقیقت کا ذرا بھر بھی ادراک نہیں کہ جو کسی کے نہ بن پائے وہ بھلا تبدیلی سرکار کے کیا بن پائیں گے ان مہروں کا کام صرف حکومتوں کو بنانا یا گروانا ہے۔ صادق عمرانی نے کہا کہ قوم کو اندھیرے میں رکھ کر آئی ایم ایف سے کیا جانے والا معاہدہ تبدیلی سرکار کے گلی کی ہڈی ثابت ہوگا کیونکہ اس قدر کڑی شرائط پر کیا جانے والا یہ معاہدہ قوم کو غلام ابن غلام بنانے کے مترادف ہے۔ ایک ہی ہفتے میں ڈالر کا اپنی تاریخ کی انتہائی حدوں کو چھوجانا اس حقیقت کا واضح ثبوت ہے کہ حکمران قوم کو دیوالیہ پن سے دوچار کرنے کے لئے میدان میں اتارے گئے اور اس عمل کے پیچھے سامراجی طاقتوں کی سازشیں کارفرما ہیں جو ہمیں معاشی طور پر زبوں حالی سے دوچار کرکے اور ہم پر دہشت گرد ہونے کی مہر ثبت کرکے ہم پر اپنی مرضی کے فیصلے مسلط کرنا چاہتی ہیں مگر یہ ان کی خام خیالی ہے ملک کی حقیقی سیاسی قوتیں ایسا کبھی نہیں ہونے دیں گی۔
تازہ ترین