• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

منافع کیلئے ڈالر ذخیرہ کرنا حرام،مرکزی علما کونسل کا فتویٰ

اسلام آ باد/کراچی (نمائندہ جنگ/اسٹاف رپورٹر) مرکزی علماء کونسل کے دارالافتاء نے اپنے فتویٰ میں کہا ہے کہ ڈالر کو ذخیرہ کرکے منافع خوری کرنا حرام ہے۔ مسلمان بالخصوص پاکستانی شہری حرام منافع حاصل کرنے کیلئے غیر شرعی طریقے استعمال نہ کریں،چیئرمین مرکزی علماء کونسل صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی کی زیر صدارت اجلاس میں جید علماء کرام اور مفتیان عظام نے متفقہ طور پر جاری فتویٰ میں کہا کہ ملک کو معاشی واقتصادی محاذ پر متعدد چیلنجز کا سامنا ہے لہٰذا ایسے حالات میں ڈالر خرید کر ذخیرہ کرنا اور قیمت بڑھنے پر اسے فروخت کرکے نفع کمانا ریاست کے ساتھ بے وفائی کے مترادف ہے۔ مرکزی علماء کونسل کے دارالافتاء کی طرف سے جاری فتویٰ میں کہا گیا ہے کہ ایسے افراد جو ڈالر خرید کر اپنے پاس رکھ لیتے ہیں اور قیمت بڑھنے پر ڈالر کو فروخت کرکے نفع کماتے ہیں وہ ریاست پاکستان کے ساتھ بے وفائی کاارتکاب کرتے ہیں اور شرعی طورپر بھی ایسے افراد گناہ کے مرتکب ہوتے ہیں۔ اجلاس میں رئیس دارالافتاء مفتی حفظ الرحمٰن بنوری کی سربراہی میں علماء کرام اور مفتیان عظام نے جسٹس ریٹائرڈ مفتی تقی عثمانی کی جانب سے جاری فتویٰ پر غوروخوض کے بعد اس کی توثیق کرتے ہوئے مرکزی علماء کونسل کے دارالافتاء نے اپنے فتویٰ میں کہا ہے کہ ڈالر کو ذخیرہ کرکے منافع خوری کرنا حرام ہے۔ مسلمان بالخصوص اسلامی جمہوریہ پاکستان کے شہری حلال تجارت کو فروغ دیں اور حرام منافع حاصل کرنے کیلئے غیر شرعی طریقے استعمال نہ کریں اور اسلامی جمہوریہ پاکستان کو معاشی واقتصادی طورپر مضبوط اور مستحکم کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ علاوہ ازیں تنظیم المدارس اہلسنت پاکستان کے صدر مفتی اعظم پاکستان مفتی منیب الرحمن نے ڈالر کی قیمت میں غیرمعمولی اضافے کے حوالے سے کہا ہے کہ جن فارن ایکسچینج کمپنیوں کو حکومت نے پاکستانی کرنسی کے عوض غیرملکی کرنسیوں کے خرید و فروخت کا لائسنس دیا ہے، اُن کا کاروبار فی نفسہٖ جائز ہے اور ہماری معلومات کے مطابق شیڈولڈ بینکوں کی طرح اس پر اسٹیٹ بینک کی نگرانی ہے۔

تازہ ترین