• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بے وفائی کرنے والے واپس نہیں آسکیں گے، بیانیہ ووٹ کو عزت دو پلس ہوگا، نوا زشریف

لاہور (نمائندہ جنگ / نیوز ایجنسیز) سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ بے وفائی کرنے والے واپس نہیں آسکیں گے، بیانیہ ووٹ کو عزت دو پلس ہوگا، تین بار وزیراعظم رہا ایک دھیلےکی کرپشن نہیں کی۔ نواز شریف سے کوٹ لکھپت جیل میں اہل خانہ اور پارٹی رہنماؤں نے ملاقات کی جن میں مریم نواز، شاہد خاقان عباسی، خواجہ آصف، مشاہد اللہ خان، کھیئل داس کوہستانی، خرم دستگیر، جاوید ہاشمی بھی شامل تھے۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ حکومت کو گھر بھیجنے کا وقت آگیا ہے جبکہ رانا ثناء نےکہا کہ نالائق وزیراعظم اور پاکستان اکٹھے نہیں چل سکتے ۔ اس موقع پر لیگی کارکنان بھی اپنے قائد سے اظہار یکجہتی کے لیے جیل کے باہر جمع ہوئے اور آنے والے رہنماؤں کا استقبال کیا۔ نوازشریف سے ملنے ان کی صاحب زادی اور پارٹی کی نائب صدر مریم نواز کوٹ لکھپت جیل پہنچیں تو کارکنوں نے ان کا پُرجوش استقبال کیا اور زبردست نعرے لگائے، کارکنوں نے گاڑی پر پھولوں کی پتیاں برسائیں۔ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، رانا ثنااللہ اور دیگر رہنماؤں نے بھی میاں محمد نوازشریف سے ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی،اس موقع پر ملکی حالات اور مجموعی سیاسی صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی۔مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے ملاقات کے دوران نوازشریف کو پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو کی افطار پارٹی کے حوالے سے اعتماد میں لیا۔ اس موقع پر نواز شریف نے پارٹی رہنماؤں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جو مشکل وقت میں پارٹی چھوڑ گئے اب پارٹی میں انکی کوئی جگہ نہیں، تین مرتبہ وزیراعظم رہا، ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہیں ہوئی، ملک میں مہنگائی اور معیشت کی خراب صورتحال پر ان کی پارٹی عوام کی آواز کے ساتھ آواز بنیں،سلیکٹڈ وزیراعظم نے قوم کو جھوٹے خواب دکھائے لیکن معیشت کی بحالی کے لیے ان کے پاس کوئی ایجنڈا نہیں ،اب ووٹ کو عزت دو پلس ہوگا۔

تازہ ترین