• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ :بی ڈی اے ایکشن کمیٹی کے زیراہتمام تادم مرگ بھوک ہڑتالی کیمپ جاری

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بی ڈی اے ایکشن کمیٹی کے زیراہتمام مطالبات کے حق میں تادم مرگ بھوک ہڑتال جمعہ کو تیسرے روز بھی جاری رہی ، بھوک ہڑتال پر بیٹھنے والے اکثر ملازمین کی حالت غیر ہوگئی جنہیں سول ہسپتال منتقل کردیا گیا ۔ گزشتہ روز بلوچستان نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر ملک نصیر شاہوانی سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں نے بھوک ہڑتالی کیمپ کا دورہ کرکے اظہار یکجہتی کیا اور مطالبات کی مکمل حمایت کی، بی ڈی اے ایکشن کمیٹی کی 772عارضی اور پراجیکٹ ملا زمین کی مستقلی کے لئے کوئٹہ پریس کلب کے سامنے تادم مرگ بھوک ہڑتال کے تیسرے روز بلوچستان نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر ملک نصیر شاہوانی ،نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری خیربخش بلوچ،ورکرز فیڈریشن کے صوبائی صدر عبدالسلام بلوچ سمیت دیگر سیا سی اور سول سوسائٹی کے رہنمائوں نے کیمپ کا دورہ کرکے بی ڈی اے ملا زمین سے اظہار یکجہتی کیا اور ان کے مطالبات کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ یہ حکومت کی بے حسی ہے کہ ملازمین اپنے مطالبات کیلئے 3 دن سے تادم مرگ بھوک ہڑتال پر ہیں لیکن حکومت نے آج تک ان سے رابطہ نہیں کیا اگر ان ملازمین کو کچھ ہوا تو اس کی ذمہ داری صوبائی حکومت پر عائد ہوگی ۔درایں اثنابھوک ہڑتالی کیمپ میں بی ڈی اے ایکشن کمیٹی کے چیئرمین لعل محمد ترین ، شمس خلجی اور دیگر نے کہا ہےکہ مطالبات کے حق میں پہلے بی ڈی اے ہیڈ آفس کی تالہ بندی کی گئی بھوک ہڑتالی کیمپ لگایا گیا لیکن حکومت کی جانب سے نہ تو کوئی پیشرفت ہوئی اور نہ ہی کسی حکومتی ذمہ دار نے بھوک ہڑتالی کیمپ آنے کی زحمت کی ۔ انہوں نے کہا کہ بی ڈی اے کے عارضی اور پراجیکٹ ملازمین کے حوالے سے صوبائی اسمبلی میں باقاعدہ قرارداد منظور کی گئی اور سابق وزیراعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو نے ملازمین کو مستقل کرنے کی منظوری بھی دی لیکن اس وقت ایک بیو رو کریٹ نے ہماری سمری کی راہ میں رکاوٹ پیدا کی ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت سے توقع تھی کہ وہ اس سلسلے میں کارروائی کرتے ہوئے ہمارے مطالبات پر عمل کرئے گی لیکن موجودہ حکومت نے بھی ہمارے لیے کچھ نہیں کیا جس کے بعد ہم مجبور ہوکر رمضان جیسے مقدس مہینے میں تادم مرگ بھوک ہڑتال پر بیٹھ گئے اور اس وقت 20 ملازمین ہڑتال میں حصہ لے رہے ہیں جن میں سے اکثر کی حالت غیر ہوگئی ہے ۔  
تازہ ترین