مشیر اطلاعات سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے شیخ رشید کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ شیخ رشید سندھ میں ایڈز کے پھیلاؤ سے زیادہ ریلوے پر توجہ دیں، حکومت سندھ نے ایڈز کو کنٹرول کرنے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کیے ہیں۔
ایک بیان میں مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ شیخ رشید نے ریلوے کے محکمہ کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے، سندھ میں ایڈز کے شوشہ کو چھیڑنا اپنی ناکامی کو چھپانا ہے، کراچی سرکلر ریلوے کو چلانا شیخ رشید کے بس کی بات نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ریلوے کے خسارہ سے منہ چھپانے کے لیے شیخ رشید سندھ حکومت پر تنقید کررہے ہیں، سرکلر ریلوے کو چلانے کے لیے شیخ رشید نے ہاتھ اٹھا دیئے ہیں، ریلوے کے وزیر کی صوبائی محکمہ صحت پر تنقید سیاسی پوائنٹ اسکورنگ ہے۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ شیخ رشید کے ماضی اور زبان سے بچہ بچہ واقف ہے، شیخ رشید نے ہر حکومت کی کاسہ لیسی کی ہے، سرکلر ریلوے کو چلانے میں ناکامی پر شیخ رشید سندھ حکومت پر برس رہے ہیں، سندھ کے ریونیو پر پلنے والے آج سندھ کے خلاف زہر اگل رہے ہیں۔