• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بیرون ملک مقیم بیشتر کھلاڑیوں نے بحرین میں جاری پاکستان فٹبال ٹیم کے تربیتی کیمپ میں رپورٹ کردی۔ پاکستان ٹیم فیفا ورلڈ کپ کوالیفائرز میں 6 اور 11جون کو کمبوڈیا کے خلاف دو میچز کھیلے گی۔

ورلڈ کپ کوالیفائرز کے لیے بحرین میں جاری تربیتی کیمپ میں بیرون ملک مقیم کھلاڑی عمر حیات، علی خان نیازی، عبداللہ قاضی، محمد ریاض، رئیس نبی، نوید رحمن، علی عزیر محمود، شابان حسین، محمود خان، احمد فہیم، سمیر نبی، تابش حسین، محمد علی اور حسن بشیر رپورٹ کر چکے ہیں، ذیشان رحمان، یعقوب اعجاز اور محمد عدنان یعقوب کی آمد ایک دو روز میں متوقع ہے، تین گول کیپرز یوسف بٹ، احسان اللہ، مزمل حسین گول کیپنگ کوچ مارسیلو کوسٹا کی نگرانی میں ٹریننگ کر رہے ہیں۔

پاکستان اور کمبوڈیا کا پہلا میچ 6 جبکہ دوسرا 11 جون کو ہوگا، مارچ 2018 میں فیفا کی تسلیم شدہ پی ایف نے عدالتی حکم پر تعینات کیے جانے والے ایڈمنسٹریٹر سے چارج لیا تو سرگرمیاں بحال ہوئیں جس کے بعد پاکستان ٹیم صرف5 انٹرنیشنل میچ کھیل پائی اور عالمی رینکنگ میں اس وقت 197ویں نمبر پر ہے، پاکستان ٹیم نے کم میچ کھیل کے بھی گہرا تاثر چھوڑاہے۔

گزشتہ سال ساف کپ میں تیسری پوزیشن حاصل کی، ٹیم تعطل کے دور میں ہونے والے نقصان کا ازالہ کرنے کے لیے کوشاں تھی کہ ایک بار پھر پی ایف ایف کے نئے انتخابات کا حکم جاری ہوگیا، گزشتہ 10 انٹرنیشنل میچز میں صرف2 فتوحات سمیٹنے والی کمبوڈیا کی ٹیم اس وقت عالمی رینکنگ میں 172ویں نمبر ہے۔

 کمبوڈیا نے اپنے ہوم گرائؤنڈ پر 6 اور بیرون ملک 3 میچز میں مات کھائی ہے، ورلڈ کپ کوالیفائرز میں پاکستان ٹیم کمبوڈیا پر حاوی ہونے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔

گرین شرٹس کے ہیڈ کوچ جوز انتونیو نوگیرا کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کا مورال بلند اور وہ حریف کے خلاف عمدہ کارکردگی دکھانے کے لیے پر عزم ہیں، بہتر کمبی نیشن کے ساتھ میدان میں اترتے ہوئے فتح حاصل کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ فٹنس ٹرینر بیٹو پورٹیلا نے کہا کہ کھلاڑیوں کی فٹنس سے مطمئن ہوں، اسکواڈ کا اعلان کرتے ہوئے فٹنس کو خاص طور پر پیش نظر رکھیں گے۔

یاد رہے کہ بحرین میں تربیتی کیمپ فیفا کی تسلیم کردہ پی ایف ایف کے زیر نگرانی ہو رہا ہے۔

سندھ فٹبال ایسوسی ایشن کے صدر سید خادم علی شاہ کا کہنا ہے کہ در حقیقت فیفا کی تسلیم شدہ فیڈریشن نے پاکستان فٹبال کو عالمی تنہائی سے بچانے کے لیے ایک ٹھوس قدم اٹھایا ہے۔

تازہ ترین