• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شمالی وزیرستان میں ایک افسوسناک واقعہ ہوا، پرویز خٹک

اسلام آباد(اے پی پی) وزیردفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ گذشتہ روز شمالی وزیرستان میں ایک افسوسناک واقعہ ہوا جس میں ہماری فوج کی چیک پوسٹ پر حملہ کیا گیا جو انتہائی قابل مذمت ہے۔ پیر کو اپنے بیان میں وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا کہ ایک گروپ نے پوسٹ پر براہ راست فائرنگ کی،سپاہیوں نے پہلے انہیں پر امن طریقے سے منتشر کرنے کی کوشش کی، پھر ان کے فائر کے جواب میں ہوائی فائرنگ کے ذریعے منتشر کرنے کی کوشش کی مگر جب ان کے فائر سے پانچ جوان زخمی ہوئے تو پوسٹ پر موجود سپاہیوں نے اپنے تحفظ میں جوابی فائر کیا جس سے ہجوم میں کچھ ہلاکتیں بھی ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک افسوسناک واقعہ ہے جو کہ نہیں ہونا چاہیے تھا، بد قسمتی سے اِ س عمل کی قیادت ہمارے دو ممبرانِ اسمبلی کر رہے تھے۔ پاکستانی قوم، بالخصوص ہمارے قبائلی بھائیوں اورافواج پاکستان نے بہت قربانیوں کے بعد ملک میں امن و امان قائم کیا ہے۔ آپریشنز کے دوران قبائلی اضلاع میں ہمارے قبائلی بھائیوں نے بہت سی تکالیف کا سامنا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان اور آرمی چیف دونوں اس بات کا اظہار کر چکے ہیں کہ ریاست ماں ہوتی ہے اور ہمیں اپنی عوام بالخصوص قبائلیوں کی مشکلات کا احساس ہے۔ان کے تمام جائز مطالبات آئین و قانون کے اند ررہتے ہوئے پورے کیے جا رہے ہیں اور حکومت اس وقت تک آرام سے نہیں بیٹھے گی جب تک ان کی مکمل سماجی اور معاشرتی بحالی نہیں ہو جاتی۔تاہم کسی بھی شخص یا گروہ کو عوام کی تکالیف اور مشکلات کو جواز بنا کر اِس پر کسی قسم کی سیاست یا لاقانونیت کی اجازت نہی دی جاے گی۔

تازہ ترین